گیا: بھارتی ریاست بہار کے ضلع گیا میں 13 کروڑ کی لاگت سے بننے والا پل منہدم ہو کر برساتی پانی میں بہہ گیا، واقعے کی ویڈیو وائرل ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق ضلع گیا میں کوٹھوارہ گاؤں کے نزدیک واقع نرنجنا ندی پر بنایا جانے والا پل گزشتہ 28 گھنٹوں کی بارش سے ندی میں آئی ہوئی معمولی طغیانی بھی برداشت نہ کر سکا، اور جمعے کو گر کہ بہہ گیا۔
یہ پل گزشتہ 6 برسوں سے زیر تعمیر تھا، اور اب تک اس کے صرف 16 پلر بنائے گئے تھے، 13 کروڑ کی لاگت سے بننے والا یہ پل ندی میں معمولی برساتی پانی میں بہہ گیا۔
جس وقت یہ پل ٹوٹ رہا تھا کسی نے اس کی ویڈیو بنا لی، اور اب یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی جا رہی ہے اور تیزی سے وائرل بھی ہو رہی ہے، اس پل کا سنگ بنیاد 2015 میں رکھا گیا تھا۔
This is the part of the under construction bridge over Nilanjana river in Donbhi block of Gaya district of Bihar which was washed away due to flood and strong current on Friday.Sushasan Babu Zindabad.#Bihar #construction #bridge #gayadistrict #bihargovernment #sushasan #india pic.twitter.com/PSPtB4ZbyG
— THE BHARATIMES (@thebharatimes) July 31, 2021
رپورٹ کے مطابق نابارڈ اسکیم کے تحت تعمیر ہونے والے اس پل کی تعمیر میں غیر معیاری سامان کے استعمال کے الزامات بھی لگ چکے ہیں، مقامی لوگوں نے اس کے خلاف مظاہرے بھی کیے، جس کی وجہ سے کئی بار اس کی تعمیر کا کام رکا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بارشوں کے بعد ندی میں معمولی طغیانی آنے سے پل کے اوپر رکھے جانے والے سلیب اور پلر گر کر پانی میں بہہ گئے، بارش شروع ہونے پر کنسٹرکشن کمپنی کے ملازمین اور مزدور سائٹ چھوڑ کر جا چکے تھے جس کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔