تازہ ترین

متحدہ عرب امارات: غیرملکیوں کے لیے خوش خبری

دبئی یونیورسٹی نے مقامی وغیرملکیوں کے لیے اسکالر شپ اور فیس میں رعایت دینے کا پروگرام شروع کردیا۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق غیرملکی اور مقامی طلبا کو دبئی یونیورسٹی اسکالر شپ فراہم کرے گی جبکہ فیس میں رعایت کا بھی خیال رکھا جائے گا، اسی ضمن میں خصوصی پروگرام جاری کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ یونیورسٹی خصوصی پروگرام سے مستفید ہونے کے خواہش مند طلبا کی درخواستیں وصول کررہی ہے۔ دبئی یونیورسٹی نئی نسل کو جدید علوم کے حصول میں آسانیاں پیدا کرنے کے مشن کے تحت اسکالر شپ اور فیس میں رعایتیں دے رہی ہے اور یہ غیرمنافع بخش یونیورسٹی ہے۔

یونیورسٹی کا کہنا ہے کہ طلبا ٹول فری نمبر پر کال کرکے بھی درخواست دے سکتے ہیں۔

اس یونیورسٹی کی انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ انجینیئرنگ کی فیکلٹی میں گریجویشن اور ماسٹرز کے لیے مکمل یا جزوی اسکالر شپ ہوگی۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ناصر المرقب نے اعلان کیا ہے کہ ثانوی اسکول میں 90 فیصد اور اس سے زیادہ نمبر حاصل کرنے والے تمام طلبا کو فیس میں 50 فیصد کی رعایت دی جائے گی۔

وائس چانسلر کا کہنا تھا کہ اس سہولت سے مقامی اور غیرملکی طلبا مستفید ہوسکیں گے، 15 سے زیادہ اسکالر شپ شیخ حمدان بن راشد آل مکتوم کے نام سے دی جارہی ہیں۔

اس کے علاوہ بھی دیگر اسکالر شپ سے طلبا فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

Comments

- Advertisement -