کراچی: وزارت ریلوے نے کرونا ویکسینیشن مہم سے متعلق اہم اقدامات کیے ہیں، ویکسین نہ لگوانے والے مسافروں پر یکم ستمبر سے کووِڈ چارج لاگو کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزارت ریلوے کے نوٹیفکیشن کے مطابق سیکریٹری / چیئرمین ریلویز حبیب الرحمان گیلانی نے این سی او سی کی ہدایت کی روشنی میں ریلوے ملازمین اور ان کے اہل خانہ سمیت ریلوے کے ذریعے سفر کرنے والے مسافروں کے لیے کرونا ویکسین لگوانے کے حوالے سے ہدایات جاری کی ہیں۔
ترجمان ریلوے کے مطابق کرونا ویکسینیشن کے بغیر سفر کرنے والوں پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے، ایک جانب وزارت ریلوے نے ڈیم فنڈ ختم کرنے کر دیا ہے تو دوسری جانب کووِڈ سرچارج لگانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق خسارے کا شکار ریلوے نے منافع میں اضافے کے لیے ریلوے مسافروں سے کووِڈ سرچارج وصو ل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ ایسے مسافر جنھوں نے ویکسین نہیں لگوائی ہوگی، ان پر یکم ستمبر 2021 سے کووڈ چارج لاگو کیا جائے گا، جو 10 فی صد اضافی کرایے کی صورت میں ہوگا۔
ترجمان ریلوے نے کہا ریلوے ملازمین اور ان کی فیمیلیز 31 اگست تک ویکسین لگوا لیں، یکم ستمبر سے اْن کی تنخواہ بند کر دی جائے گی، یکم جنوری 2022 سے صرف 20 سال سے کم عمر والے مسافروں کو ویکسین کے بغیر سفر کرنے کی اجازت ہوگی۔
ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو یکم ستمبر کے بعد ریلوے رعایتی کارڈز کا اجرا بھی بند کر دیا جائے گا، ملازمین کی ویکسینیشن کے لیے ریلوے اسپتال میں ویکسینیشن سینٹر قائم کر دیا گیا ہے۔
مسافروں کو دوران سفر ویکسین سرٹیفکیٹ دکھانا لازمی ہوگا، اور ویکسینیشن نہ کروانے والے مسافروں کو یکم اپریل 2022 سے سفر کرنے کی اجازت بھی نہیں ہوگی۔
ترجمان ریلوے کے مطابق بڑے ریلوے اسٹیشنز بشمول پشاور، راولپنڈی، لاہور، ملتان، کراچی اور روہڑی پر کرونا ویکسین سینٹر قائم کیے جائیں گے۔ چیف میڈیکل آفیسر ریلویز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ این سی او سی سے مل کر ویکسینیشن کی سپلائی کو تمام سینٹرز پر یقینی بنائیں تاکہ تمام لوگ اپنی ویکس نیشن کروا سکیں۔