اسلام آباد : حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے راج کرنے کا خواب کبھی پورانہیں ہونے دیں گے، بھارت مقبوضہ کشمیرمیں پہلے بھی ناکام ہوا اور آئندہ بھی ناکام رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کشمیری 70 سال سےبھارتی افواج کی دہشت گردی کا مقابلہ کر رہے ہیں، 2 سال قبل 5اگست کومودی سرکارنےمقبوضہ کشمیرکی خصوصی حیثیت ختم کی۔
مشال ملک کا کہنا تھا کہ بھارت نے370اور 35اے ختم کرکےزمینوں پرغیرقانونی قبضہ شروع کیا اور اب تک کشمیری عوام کے حقوق چھینے کا گھناؤنا کھیل شروع کر رکھا ہے، بھارت حقوق چھین کرمقبوضہ کشمیر کوقبرستان میں تبدیل کرنا چاہتاہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کےراج کرنےکاخواب کبھی پورانہیں ہونےدیں گے، بھارت مقبوضہ کشمیرمیں اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کررہاہے۔
حریت رہنما کی اہلیہ نے مطالبہ کیا کہ پاکستانی عوام مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کےمظالم سےپوری دنیا کوآگاہ کریں، بھارت مقبوضہ کشمیرمیں پہلے بھی ناکام ہوا اور آئندہ بھی ناکام رہے گا۔
خیال رہے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی کرفیو کو 2سال ہو گئے،اس موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم استحصال کشمیر منایا جارہا ہے ، اس موقع پر ملک بھر میں ایک منٹ کی خاموشی اور ٹریفک بھی روک دی گئی جبکہ رات 8 بجکر 30 منٹ تک مکمل بلیک آؤٹ کیا جائے گا