کراچی : کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی ) نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بدنام زمانہ قاتل کو گرفتار کرلیا، ملزم شہر یارعرف شریل کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے۔
تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی نے کراچی کے علاقے پرانا گولیمار میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے لیاری گینگ وار کے اہم ٹارگٹ کلر شہر یارعرف شریل کو گرفتار کرلیا۔
اس حوالے سے انچارج سی ٹی ڈی چوہدری صفدر نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ گرفتار ملزم بدنام زمانہ دہشت گرد رحمان ڈکیت کا داماد ہے۔
انچارج سی ٹی ڈی نے بتایا کہ گرفتار ملزم پولیس اہلکار سمیت قتل کی21وارداتوں میں ملوث ہے، ملزم نے پاک کالونی میں تعینات کانسٹیبل فاروق کو بھی قتل کیا۔
ملزم نے2014میں عذیربلوچ کے حکم پر2لڑکوں کو قتل کیا،2014میں عذیربلوچ کے کہنے پر ملزم نے مزید 10لڑکوں کو قتل کیا تھا۔
اس کے علاوہ ملزم نےٹارگٹ کلنگ کی مختلف وارداتوں میں21افراد کوقتل کیا، ملزم پرانا گولیمار اور لیاری میں بازاروں سے بھتہ وصولی بھی کرتا رہا ہے۔