کراچی / لاہور / اسلام آباد: جشن آزادی کی مناسبت سے ملک کے تمام بڑے ایئرپورٹ پر چراغاں کیا جارہا ہے جبکہ عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجا دیا گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ، لاہور کے علامہ اقبال ایئرپورٹ، پشاور کے باچا خان ایئرپورٹ اور اسلام آباد کے انٹرنیشنل ایئرپورٹس پر چراغاں کا خاص اہتمام کیا گیا ہے۔
جشن آزادی کی مناسبت سے تمام ہی ایئرپورٹس پر پاکستانی پرچم کے رنگوں کے برقی قمقمے لگا دیے گئے ہیں جبکہ عمارت اور ایئرپورٹ کی حدوت میں قومی پرچموں کی بہار بھی ہے۔
کراچی سمیت ملک بھر کے تمام ہوائی اڈوں پر چودہ اگست کی صبح یوم آزادی کے سلسلے میں پرچم کشائی کی جائے گی جبکہ ملازمین ایک ساتھ جمع ہوکر قومی ترانہ بھی پڑھیں گے۔
سول ایوی ایشن ہیڈ کوارٹرز میں صبح 8 بجے قومی ترانے اور پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی جائے گی۔