ویسٹ انڈیز کے جارح مزاج بلے باز کرس گیل نے اب موسیقی میں بھی نام کمانے کا فیصلہ کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق کرس گیل سنجیدگی سے ڈانس ہال میوزک کیریئر شروع کرنے کے ساتھ اپنا پروڈکشن سیٹ اپ بنانے پر بھی غور کررہے ہیں، انھوں نے دو ہزار بیس میں ڈانس ہال آرٹسٹ اسٹائیلو جی کے ساتھ ایک ری مکس کیا تھا۔
کرس گیل کا کہنا تھا کہ میں نے مذاق میں اسٹائیلو جی سے ری مکس کا کہا، پھر ایک دن وہ میرے گھر آئے اور کہا کہ میں تیار ہوں، میں نے کہا کہ مذاق کررہا تھا مگر وہ سنجیدہ تھے، ہم نے ری مکس کیا اور وہ کامیاب رہا، اب میں ’ٹرپل سنچری ریکارڈز‘ کے نام سے اپنا پروڈکشن سیٹ اپ بنانے پر غور کررہا ہوں جس میں اپنی آواز میں بھی گانے ریکارڈ کراؤں گا۔
یہ بھی پڑھیں: گگلی کے بعد کرس گیل کا ’’شلوار چیلنج‘‘، ویڈیو وائرل
واضح رہے کہ پی ایس ایل سیزن سکس کے آغاز پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑی کرس گیل نے گگلی چیلنج متعارف کرایا تھا جس کی ویڈیو ٹوئٹر پر پی ایس ایل کے آفیشل اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی تھی،کرس گیل کے گگلی چیلنج پر اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑی اور قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی نے ڈانس کیا، پی ایس ایل کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر حسن علی کی ویڈیو شیئر کی گئی تھی۔
بعد ازاں کرس گیل نے گگلی چیلنج کے بعد شلوار چیلنج کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کی تھی، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کرس گیل نے دو منٹ میں شلوار میں زار بند ڈالا اور چیلنج پورا کیا، کرس گیل کے نئے چیلنج کو سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے خوب پسند کیا گیا تھا۔