اسلام آباد : مشیر قومی سلامتی معید یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان کو موجودہ افغان صورتحال کا ذمہ دار ٹھہرانا درست نہیں، عالمی برادری استحکام کیلئےافغانستان کا ساتھ دے۔
یہ بات انہوں نے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی ریڈیو کو افغانستان کی صورتحال کے حوالے سے خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان سے 7 ہزار سے زائد افراد کو نکالنے میں مدد کی، پاکستان افغانستان سے آنے والوں کو آمد پر ویزا دے رہا ہے۔
معید یوسف کا کہنا تھا کہ پاکستان کو افغانستان کی صورتحال کا ذمہ دار ٹھہرانا سراسرغلط ہے جبکہ پاکستان افغانستان میں جنگ سے بری طرح متاثر ہوا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو انسانی بحران سے بچانے کیلئے افغانستان کی بھرپور سیاسی اور اقتصادی معاونت کرنی چاہیے۔
معید یوسف کا مزید کہنا تھا کہ عالمی برادری کی جانب سے افغانستان کو ترک کرنا بڑے بحران کا باعث بنے گا، افغانستان میں امن اور استحکام کیلئےافغانستان کا ساتھ دینا ضروری ہے۔