کراچی: جمیعت علما اسلام سندھ کے جنرل سیکریٹری اور مرکزی ناظمِ انتخابات مولانا راشد سومرو نے پی ڈی ایم کے کل ہونے والے جلسے سے خواتین کو شرکت سے روک دیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں پی ڈی ایم جلسے سے ایک روز قبل جے یو آئی کے اہم رہنما نے بیان دیا کہ کل کے جلسے میں خواتین شرکت نہ کریں۔ راشد سومرو نے کہا کہ ’ہم خواتین کےخلاف نہیں بلکہ ان کا احترام کرتے ہیں، اس لیے جلسے میں شرکت سے روک رہے ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ ’کل کا جلسہ تاریخی ثابت ہوگا، اس لیے خواتین کو زحمت نہیں دے سکتے، جلسے میں مدارس کے طالب علم بھی دھڑلے سے شریک ہوں گے‘۔
راشد سومرو نے جلسوں میں مدارس کے بچوں کی شرکت پر تنقید کرنے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’کیا مدارس کے بچے پاکستانی نہیں ہے؟ وہ بھی پاکستان کے نوجوان (یوتھ) ہیں، عمران خان کل نوجوانوں کو دیکھ لیں گے کہ وہ کس کے ساتھ کھڑے ہیں۔
مزید پڑھیں: کراچی میں پی ڈی ایم جلسے کے انتظامات مکمل
قبل ازیں کراچی جلسے کے حوالے سے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی کراچی میں اہم بیٹھک ہوئی، جس میں اتحادی جماعتوں کے قائدین اور رہنماؤں نے شرکت کی۔ مریم نواز بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں موجود تھیں۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں مولانا فضل الرحمان نے ایک بار پھر پارلیمنٹ سے استعفے دینے کی تجویز دی اور کہا کہ ’اب وقت آگیا ہے پارلیمنٹ سے نکل کر میدان میں آیا جائے‘۔ پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں نے تحریک انصاف کی تین سالہ کارکردگی کو ناقص اور بدترین قرار بھی دیا۔