اسلام آباد: شہر اقتدار میں مردہ بلی کے ساتھ انسانیت سوز سلوک کرنے والے شہری کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد کے علاقے لوہی بھیر میں ایک شخص نے بلی کو مارنے کے بعد اُسے رسی سے باندھ کر سیڑھیوں پر لٹکا دیا تھا۔
سفاک شخص نے بلی کے گلے میں پندھا ڈال کر اُسے رسی سے باندھ دیا تھا۔
پڑوسن انیلہ جنگلی جانوروں کے حقوق کے حوالے سے سرگرم ہیں، جنہوں نے اس صورت حال کو دیکھنے کے بعد پولیس کو واقعے سے آگاہ کیا اور شہری کے خلاف کارروائی کے لیے لوہی بھیر تھانے میں شکایت درج کرائی۔
خاتون کی درخواست پر ہمسائے کے خلاف تھانہ لوہی بھیر میں مقدمہ درج کر کے پولیس نے ایک واقعے میں ملوث شخص کو گرفتار کرلیا۔
پولیس نے مقدمے میں اینیمل ایکٹ سمیت دفعہ 154 شامل کی ہے، جس کے تحت اب ملزم کے خلاف کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔