اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ڈنمارک کے ہم منصب سے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان کے لیے سفری ہدایت نامے پر نظر ثانی کریں۔
تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی کو ڈنمارک کے وزیرخارجہ جیپی کوفود نے ٹیلی فون کیا اس دوان دونوں وزرائے خارجہ کے مابین دوطرفہ تعلقات اور افغانستان کی صورت حال پر تبادلہ خیال ہوا۔
شاہ محمود کا کہنا تھا کہ پاکستان، ڈنمارک کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔
دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ شاہ محمود قریشی نے افغانستان سے انخلا کے لیے پاکستانی معاونت سے آگاہ کیا۔
ڈنمارک کے وزیرخارجہ نے افغانستان کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات پر شاہ محمود قریشی اور پاکستانی قیادت کی تعریف کی۔ شاہ محمود نے جی ایس پی پلس اسٹیٹس کے حوالے سے ڈنمارک کے وزیرخارجہ کا شکریہ ادا کیا۔
ٹیلی فونک گفتگو کے دوران وزیرخارجہ نے کہا پاکستان کے لیے سفری ہدایت نامے پر نظر ثانی کی جائے۔ انہوں نے ڈنمارک کے ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔