کویت سٹی: منشیات کے استعمال پر ایک کویتی فنکار کو قید و جرمانے کی سزا ہو گئی، فن کار نے ایک عرب ملک میں عکس بندی کے دوران نشے میں مبتلا ہونے کا اعتراف کیا۔
تفصیلات کے مطابق کویت میں فوجداری عدالت نے منشیات استعمال کرنے کا الزام ثابت ہو جانے پر معروف فن کار کو 5 برس قید بامشقت اور 5 ہزار دینار جرمانے کی سزا سنا دی۔
کویتی جرائد میں چھپنے والی خبروں میں کویتی فن کار کا نام ظاہر نہیں کیا گیا ہے، صرف یہ بتایا گیا کہ وہ کویت کا مشہور فن کار ہے اور وہ رمضان سے متعلق ٹی وی پروگرامز میں مرکزی کردار ادا کرتا ہے، تاہم بڑی تعداد میں سوشل میڈیا پر صارفین کا کہنا ہے کہ یہ اداکار علی کاکولی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق فن کار بیرون ملک سے کویت پہنچا تھا، تلاشی پر اس کے سامان میں سے نشہ آور اشیا برآمد ہوئی تھیں۔
الحبس 5 سنوات وغرامة 5 آلاف دينار للفنان علي كاكولي عن تهمة تعاطي مخدرات pic.twitter.com/y1oeBecqAU
— شبكة الكويت (@NetworkKw) September 27, 2021
کویتی فن کار پر نشہ آور اشیا کی اسمگلنگ کا بھی الزام تھا، تاہم عدالت نے اس پر منشیات استعمال کرنے پر پانچ ہزار دینار کا جرمانہ کیا، اور منشیات کی اسمگلنگ کے الزام سے بری کر دیا۔
کویتی جریدے الرائی کے مطابق کویت کے انٹرنیشنل ایئر پورٹ پہنچنے پر کویتی فن کار کو حراست میں لیا گیا تھا، پبلک پراسیکیوشن نے ملزم سے پوچھ گچھ کی تو تحقیقات کے دوران اس نے اعتراف کیا کہ وہ ایک عرب ملک میں عکس بندی کے دوران نشے کا عادی ہوا تھا۔