منگل, دسمبر 24, 2024
اشتہار

نیشنل اسٹیڈیم کے ساتھ ہوٹل بنانے کے لیے تیار ہیں: عقیل کریم ڈھیڈی

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: شہر قائد کی معروف کاروباری شخصیت عقیل کریم ڈھیڈی نے کہا ہے کہ وہ نیشنل اسٹیڈیم کے ساتھ ہوٹل بنانے کے لیے تیار ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق آج چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ پہلے دورے پر کراچی آئے اور عقیل کریم سے ملاقات کی، ملاقات کے بعد عقیل کریم ڈھیڈی نے کہا کہ نیشنل اسٹیڈیم کے ساتھ اراضی میں ہوٹل کا ہونا بہت اہمیت کا حامل معاملہ ہے، وہ یہ ہوٹل بنانے کے لیے تیار ہیں۔

انھوں نے عندیہ دیتے ہوئے کہا ہوٹل میں سرمایہ کاری شاید میں اکیلا کروں گا یا پھر اور لوگ بھی ہوں گے، تاہم آٹھ نو ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

- Advertisement -

انھوں نے کہا آنے والے برس اسپورٹس کے لیے اچھے سال ہوں گے، کرونا کی وجہ سے جو نقصان ہوا اب وہ ختم ہو جائے گا، رمیز راجہ نے تاجروں سے ملاقات کر کے ان کی اہمیت کو سمجھا ہے۔

عقیل کریم نے کہا ہم پاکستان میں کھیل کو فروغ دینا چاہتے ہیں، صرف کرکٹ نہیں ہر کھیل کی ترقی چاہتے ہیں، اور جو کام کل کرنا ہے وہ آج کر نا چاہتے ہیں، آنے والے وقتوں میں سرمایہ کار پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ ہوں گے۔

کاروباری شخصیت کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ معاشی طور پر مقابلے کے لیے ہم تیار ہیں، پی ایس ایل نہیں بلکہ ہر ٹورنامنٹ کو اسپانسر کر سکتے ہیں۔

کرکٹ کی بہتری کے لیے کراچی میں رمیز راجہ کا بڑا قدم

واضح رہے کہ چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ ایک اہم دورے پر کراچی آئے ہیں، کچھ دیر بعد رمیز راجہ اور کاروباری شخصیات کی ایک اہم میٹنگ ہوگی، جس میں کراچی کنگز کے صدر سلمان اقبال بھی موجود ہوں گے۔

چیئرمین پی سی بی اور بزنس مینز کی میٹنگ کے نکات میں انٹر اسکول اور کلب کرکٹ کو بحال کرنا، اسٹیڈیم کو ملٹی مقاصد کے لیے استعمال کرنا، نیشنل اسٹیڈیم کے ساتھ فائیو اسٹار ہوٹل کی تعمیر شامل ہیں۔

ہوٹل میں جدید سہولیات اور 200 کمرے ہوں گے، اسکول، کالج اور انڈر 19 کرکٹ بحال کی جائے گی، بزنس کمیونٹی کو کرکٹ میں لایا جائے گا، اور اس سب سرگرمی کا مقصد کرکٹ ٹورنامنٹس کو بڑھانا ہے۔

Comments

اہم ترین

علی حسن
علی حسن
علی حسن اے آروائی نیوز سے اسپورٹس رپورٹر کی حیثیت سے وابستہ ہیں اور کھیلوں کے معاملات میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں

مزید خبریں