عمان: اردن میں ہونے والی شادی کی ایک تقریب میں دلہن نے یہ کہہ کر ماسک پہنے سے انکار کیا کہ اس کی لپ اسٹک خراب ہوجائے گی جس پر دلہا نے حاضرین اور نکاح خواں کے سامنے دلہن کو طلاق دے دی۔
مذکورہ واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر بحث کا آغاز ہو گیا۔ بعض افراد کا کہنا ہے کہ دلہا نے بروقت فیصلہ کیا تاکہ آئندہ کی زندگی پرسکون رہے جبکہ کچھ نے اسے زیادتی قرار دیا۔
مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق نکاح رجسٹرار کے آفس میں دلہا، دلہن اور دیگر حاضرین نکاح کی تقریب میں شریک ہوئے تو رجسٹرار آفس کے اہلکار نے دلہن سے کہا کہ کرونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے ماسک پہن لیں۔
رجسٹرار آفس کے اہلکار کی جانب سے متعدد بار توجہ دلانے کے باوجود دلہن نے ان کی بات نہ مانی، دلہا اور ان کے اہل خانہ نے بھی دلہن کو ماسک پہننے کے لیے کہا مگر دلہن کا ایک ہی جواب تھا کہ ماسک سے اس کی لپ اسٹک خراب ہو جائے گی جو بڑی محنت سے لگائی ہے۔
دلہن کی بات سن کر دلہا کو غصہ آگیا اور اس نے کھڑے کھڑے یہ کہتے ہوئے دلہن کو طلاق دے دی کہ جو عورت پہلے دن ہی اپنے شوہر کی بات نہ مانے اس سے آئندہ کسی بھلائی کی امید نہیں رکھی جاسکتی۔
طلاق کے الفاظ سنتے ہی وہاں موجود دلہن کے اہل خانہ اور دیگر لوگوں نے معاملے کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش کی مگر دلہا نے اپنا فیصلہ برقرار رکھا اور اپنے گھر والوں کے ساتھ نکاح رجسٹرار کے دفتر سے نکل گیا۔