ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

کراچی پولیس کی عجیب حرکت، نشئی افراد سے بھری بس سجاول میں دربار پر چھوڑ کر رفو چکر

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: کراچی پولیس کا ایک عجیب کارنامہ سامنے آیا ہے، نشے کے عادی 100 سے زائد افرد کو سجاول میں چھوڑنے کی اطلاعات ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس کی ایک ٹیم ہیروئن کے عادی سو سے زائد نشئیوں کو ایک بس میں بھر کر رات کے اندھیرے میں سندھ کے شہر سجاول میں درگاہ شاہ عقیق پر چھوڑ کر رفو چکر ہو گئی۔

ادھر نشئی افراد کو درگاہ شاہ عقیق پر چھوڑے جانے کی خبروں پر سجاول پولیس میں کھلبلی مچ گئی، خبر ملتے ہی مقامی پولیس حرکت میں آ گئی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق سجاول کے نواحی علاقے چوہڑ جمالی میں صبح ہوتے ہی شہریوں میں اس وقت خوف و ہراس پھیلا، جب انھوں نے متعدد نشئیوں کا ایک ہجوم دیکھا۔ بہت سارے نشئی افراد نے جب ایک ساتھ مختلف علاقوں کا رخ کیا، تو پاگلوں کی طرح شہر کے بیچ میں تماشا بن گئے۔

معلوم ہوا ہے کہ کراچی پولیس نے تنگ آ کر نشئی افراد کو سجاول میں چوہر جمالی میں چھوڑا، نشئی افراد نے اس حوالے سے کہا کہ اگر انھیں واپس کراچی نہیں بھیجا گیا تو وہ یہاں بڑا تماشا کریں گے۔

ایوب گوٹھ نیو کراچی کے ایک نشئی نے بتایا کہ تقریباً دو سو افراد کو پکڑا گیا تھا، پولیس اہل کاروں نے بتایا کہ بڑے صاحب آ رہے ہیں، تھانے کی صفائی کرنی ہے، اس کے بعد چھوڑ دیں گے، مجھے گہری نیند سے اٹھایا گیا، لیکن پھر ہمیں یہاں لا کر چھوڑ دیا۔

مقامی شہریوں نے آئی جی سندھ سے کراچی پولیس کے اس عجیب رویے کے خلاف فوری نوٹس لے کر ان افراد کو واپس لے جانے کے ساتھ ساتھ منشیات فروشوں کے خلاف اعلیٰ سطح پر کارروائی کا مطالبہ بھی کیا۔

دوسری طرف سجاول پولیس نے چوہڑ جمالی درگاہ شاہ عقیق و دیگر علاقوں میں چھاپے مارے، اور متعدد نشئیوں کو پکڑ لیا، سجاول پولیس ان کو پکڑ کر واپس کراچی روانہ کرنے کی تیاریاں کر رہی ہے۔

اہم ترین

نذیر شاہ
نذیر شاہ
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز کے کرائم رپورٹر ہیں

مزید خبریں