کراچی: قومی ایئرلائن پی آئی اے نے ٹکٹوں پر خصوصی رعایت دینے کا اعلان کردیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر پی آئی اے نے اندرون ملک پروازوں پر 12 فیصد رعایت دینے کا اعلان کردیا۔
پی آئی اے حکام کے مطابق آج سے 12 ربیع الاول تک اندرون ملک سفر کرنے والے مسافر استفادہ کرسکیں گے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں عید میلاد النبی ﷺ 19 اکتوبر بروز منگل کو مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت 12 ربیع الاول کی تقریب کی تیاریوں کے حوالے سے اعلی سطح کا اجلاس ہوا تھا جس میں وزیرِاعظم کو 12 ربیع الاول کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی تھی۔
مزید پڑھیں: ’12ربیع الاول کو تاریخ کی سب سے بڑی تقریب ہو گی‘
اجلاس میں وفاقی وزرا فواد چوہدری، نور الحق قادری، شفقت محمود، معاونینِ خصوصی شہباز گِل، عثمان ڈار، سینیٹر فیصل جاوید، رکنِ قومی اسمبلی عامر محمود کیانی اور متعلقہ افسران نے شرکت کی تھی۔
اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پورے ملک میں 12 ربیع الاول کو شایانِ شان طریقے سے منایا جائے گا پورے ملک میں اس حوالے سے تقریبات منعقد کی جائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں 12 ربیع الاول کی تقریب ملکی تاریخ کی سب سے بڑی تقریب ہوگی۔