کراچی / ریاض: سعودی عرب کی سول ایوی ایشن (گاکا) نے ملکی اور غیرملکی فلائٹ آپریشن کے حوالے سے نیا ہدایت نامہ جاری کردیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سعودی سول ایوی ایشن کی جانب سے جاری نئے ہدایت نامے میں بتایا گیا ہے کہ مملکت کے تمام ائیر پورٹس مکمل طور فعال ہیں۔
ہدایت نامے کے مطابق سعودی عرب کے تمام ائیرپورٹس ملکی اور غیر ملکی فلائٹ آپریشن کے لئے مکمل گنجائش کے ساتھ دستیاب ہوں گے۔
گاکا کے مطابق سعودی عرب آنے والے تمام مسافروں کے کرونا ویکسی نیشن کارڈ کی تصدیق توکلنا موبائل اپیلی کیشن کے ذریعے کی جائے گی۔
گاکا نے کہا کہ سعودی سول ایوی ایشن کے حکم نامے کی خلاف ورزی پر فضائی کمپنی اور مسافر کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
یاد رہے کہ سعودی عرب کی حکومت کرونا پابندیوں میں نرمی کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت کئی ممالک سے غیرملکی مسافروں اور زائرین کو سعودی عرب پہنچنے کی اجازت ہے۔
سعودی عرب جانے والوں کے لیے مملکت میں ویکسی نیشن یا منظور شدہ ویکسین لگوانا لازمی ہے۔