تازہ ترین

سینیگال: مسافر گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا کر تباہ، متعدد ہلاکتیں

ڈاکر: مغربی افریقا کے ملک سینیگال میں‌ ایک مسافر گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرانے سے 6 افراد ہلاک ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق ہفتے کو مقامی میئر نے بتایا کہ 22 اکتوبر کو جنوبی کیسامنس ریجن کے ایک گاؤں کنڈائڈیو میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں چھ افراد ہلاک اور پانچ دیگر زخمی ہو گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مذکورہ افراد جمعے کی نماز پڑھ کر واپس جا رہے تھے کہ گاڑی ایک بارودی سرنگ پر سے گزری، جس سے دھماکا ہو گیا۔

کیسامنس ریجن افریقا میں جاری پرانی لڑائیوں میں سے ایک کا مرکز ہے، جس میں 1982 سے اب تک ہزاروں جانیں ضائع ہو چکی ہیں، بارودی سرنگ کو بھی پرانی لڑائی کی باقیات سمجھا جا رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق مسافر گاڑی دراصل گھوڑا گاڑی تھی، جو مقامی سطح پر مسافروں کی ایک عام سروس ہے، مقامی میئر کا کہنا تھا کہ بارودی سرنگ پرانی تھی، جب بھی بارش ہوتی ہے کھیتوں میں دبی سرنگیں باہر آ جاتی ہیں، اور حادثات کا سبب بنتی ہیں۔

کیسامنس کی آبادی 19 لاکھ ہے، یہ علاقہ مغربی افریقا میں کبھی پرتگال کی نوآبادی تھا، یہ علاقہ اب سابقہ فرانسیسی نوآبادی یعنی سینیگال میں واقع ہے، تاہم یہ علاقہ باقی ملک سے بالکل الگ ہے۔

Comments

- Advertisement -