معروف اداکار عثمان مختار نے نئی زندگی شروع کرنے کے بعد اپنی اہلیہ کے لیے محبت بھرا پیغام جاری کردیا، دونوں اسی ماہ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے ہیں۔
اپنی شادی کے دو دن بعد عثمان مختار نے انسٹاگرام پر اہلیہ کے ہمراہ شادی کی تقریب کے دوران کھنچوائی گئی تصویر شیئر کرتے ہوئے ان کے لیے محبت بھرا پیغام جاری کیا۔
عثمان مختار نے اپنی پوسٹ میں شادی کے لیے ان کا انتخاب کرنے پر زنیرہ انعام کا شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی خود کو دنیا کا خوش قسمت ترین انسان بھی قرار دیا۔
عثمان مختار نے اہلیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ انہوں نے زندگی میں جو بھی فیصلے کیے، وہ چاہے غلط تھے یا صحیح، انہوں نے جیسے بھی دن گزارے، وہ سب چیزیں اکٹھی ہوکر انہیں ان کی اہلیہ تک لے گئیں۔
View this post on Instagram
انہوں نے زنیرہ انعام سے رشتہ طے ہونے اور شادی ہونے پر خود کو نہ صرف خوش قمست ترین شخص قرار دیا بلکہ یہ اعتراف بھی کیا کہ جب بھی وہ اہلیہ کے ہمراہ ہوتے ہیں، تب ہی وہ خود کو مکمل محسوس کرتے ہیں۔
اپنی پوسٹ میں انہوں نے زنیرہ انعام کو مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ وہ ان سے محبت کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے۔
عثمان مختار نے پوسٹ میں شادی کی تقریبات کے انتظامات کرنے والے افراد اور ان میں شرکت کرنے والے لوگوں کا بھی شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی دعائیں دینے پر مداحوں کی بھی تعریفیں کیں۔
یاد رہے کہ عثمان مختار اور زنیرہ انعام 23 اکتوبر کو رشتہ ازدواج میں بندھے تھے، ان کی شادی کی تقریبات 20 اکتوبر کو شروع ہوئی تھیں لیکن دونوں نے نکاح رواں برس مارچ میں کیا تھا۔