ممبئی: آج کی رات بھی شاہ رخ خان کے بیٹے آریان پر بھاری ہے، کیوں کہ ضمانت ہونے کے باوجود وہ آج رہا نہیں ہو سکیں گے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آریان خان آج رات بھی جیل میں گزاریں گے، ان کی ضمانت ہو چکی ہے، تاہم انھیں جیل سے کل رہا کیا جائے گا۔
آرتھر روڈ جیل حکام کے مطابق کاغذی کارروائی میں تاخیر کے باعث انھیں آج شام ساڑھے پانچ بجے نہیں رہا کیا جا سکا۔
دوسری جانب ممبئی ہائی کورٹ نے منشیات کیس میں گرفتار آریان خان کی ضمانت کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا ہے، تینوں ملزمان آریان خان، ارباز مرچنٹ اور منمن دھامیچا کو ایک ایک لاکھ روپے مچلکوں کے عوض رہا کیا گیا۔
شاہ رُخ کا رہائشی علاقہ ’منت‘ سیل، ویڈیو منظرعام پر آگئی
آریان خان کو اپنا پاسپورٹ عدالت کے حوالے کرنا ہوگا، وہ ڈرگز آن کروز کیس کے تفتیشی افسر کی اجازت کے بغیر ممبئی نہیں چھوڑ سکیں گے، وہ میڈیا میں کوئی بیان بھی نہیں دیں گے، اور ہر جمعے کو ای سی بی آفس میں حاضری دیں گے۔
ضمانت کا فیصلہ سننے کے بعد شاہ رخ خان جذبات پر قابو نہ رکھ سکے تھے، فرط جذبات سے ان کی آنکھوں میں آنسو آ گئے تھے، تاہم وہ پر سکون دکھائی دے رہے تھے، اکشے کمار، سلمان خان اور سنیل شیٹی نے انھیں فون کر کے مبارک باد دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی ہائی کورٹ سے ضمانت کی درخواست منظور ہونے کے بعد اداکار کے گھر کے باہر میڈیا اور مداحوں کی بڑی تعداد میں موجودگی کی وجہ سے ممبئی پولیس نے علاقے کے باہر رکاوٹیں لگا کر اسے سیل کر دیا ہے۔
آریان خان کو 2 اکتوبر کو ممبئی کے ساحل پر ایک کروز شپ پر ہونے والی پارٹی کے دوران پڑنے والے چھاپے میں حراست میں لیا گیا تھا۔