ایبٹ آباد: جماعت اسلامی کے صوبائی امیر سینیٹرپروفیسر ابراہیم نے کہا ہے کہ خیبر پختونخواہ اسمبلی میں عدم اعتماد کی تحریک وزیراعلیٰ کے خلاف نہیں بلکہ اسمبلی کو تحلیل ہونے سے بچانے کیلئے لائی گئی ہے، جماعت اسلامی حکومت کی اتحادی ہے اور کسی عدم اعتماد کا حصہ نہیں بنیں گے۔
جماعت اسلامی اور دیگر سیاسی جماعتیں کسی بھی صورت ملک میں مارشل لاء کی حمایت نہیں کریں گی۔ ایبٹ آباد میں صوبائی شوریٰ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر ابراہیم کا کہنا تھا کہ ’’اسلام آباد کے دھرنوں کا ڈراپ سین قریب ہے‘‘۔
انہوں نے کہا کہ اس مسئلے کے حل کیلئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے بھرپور کردار ادا کیا ہے، اسلام آبا د کے حالیہ حالات 1993کے حالات سے مماثلت رکھتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا پشاور یونورسٹی کے سابق وائس چانسلر پروفیسراجمل کی بازیابی ہماری طالبان سے مذاکرات کے نتیجے میں ہی ممکن ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ پروفیسر اجمل سن 2010 سے طالبان کی قید میں تھے جنہیں گذشتہ روز ہی رہا کیا گیا ہے۔