اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے امور کشمیر علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ تحریک لبیک کے ساتھ سیاسی اور انتخابی اتحاد ہوسکتا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر برائے امور کشمیر علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ تحریک لبیک سے معاہدہ سب کی کامیابی ہے، تحریک لبیک اب سیاسی جماعت بن گئی ہے۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ تحریک لبیک کو اب سیاسی جماعتوں والا کردار ادا کرنا چاہیے، ان کے ساتھ سیاسی اور انتخابی اتحاد ہوسکتا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کرپشن کے خلاف قوانین میں ترمیم کرنا لازمی ہوگیا ہے۔
مزید پڑھیں: تحریک لبیک پاکستان کا وزیر آباد سے دھرنا ختم کرنے کا اعلان
انہوں نے کہا کہ بھارتی فنڈنگ والا فواد چوہدری کا بیان ذاتی رائے تھی، ان کا بیان ملکی مفاد میں نہیں تھا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل تحریک لبیک پاکستان نے پچاس فیصد معاہدہ پورا ہونے پر وزیر آباد سے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
رکن مجلس شوریٰ کا کہنا تھا کہ مفتی منیب نے گارنٹی دی تھی کہ پچاس فیصد معاملات حل ہوجائیں تو دھرنا اٹھاکر مسجد رحمت اللعالمین لے جائیں گے، جہاں علامہ خادم رضوی کے عرس میں سعد رضوی شامل ہوں گے۔
دوسری جانب ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور کا کہنا تھا کہ تحریک لبیک پاکستان سے معاملہ مذاکرات کے ذریعے حل کرلیا ہے، کوشش ہے یہ حل مستقل بنیادوں پر رہے۔