اسلام آباد: سابق چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار پر الزامات کے بعد اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نے غیر ملکی دورہ منسوخ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان کے سابق چیف جج رانا شمیم کی جانب سے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار پر الزامات سامنے آنے کے بعد وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نے اپنا غیر ملکی دورہ منسوخ کر دیا ہے۔
اٹارنی جنرل نے بتایا کہ اس معاملے کی حساسیت کو دیکھتے ہوئے وزیر اعظم کی ہدایت پر دورہ منسوخ کر لیا ہے۔
اٹارنی جنرل خالد جاوید کل اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوں گے، انھیں اس کیس کے سلسلے میں عدالت نے ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کا سابق چیف جسٹس جی بی رانا شمیم کو توہین عدالت کا نوٹس
خالد جاوید خان کو آج رات سرکاری دورے پر بیرون ملک روانہ ہونا تھا، اٹارنی جنرل نے بین الاقوامی قانونی معاہدے کے لیے بیرون ملک جانا تھا۔
واضح رہے کہ جسٹس ریٹائرڈ رانا شمیم نے ایک حلف نامہ دیا ہے کہ اُس وقت کے چیف جسٹس ثاقب نثار نے ہائی کورٹ کے جج کو فون پر کہا تھا کہ 2018 کے انتخابات تک نواز شریف اور مریم نواز کو جیل میں رہنا چاہیے۔
دوسری جانب رانا شمیم کا یہ بیان حلفی نوٹرائز کرنے والے برطانیہ کے چارلس ڈراسٹن نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرا وہی کام ہے جو کسی نوٹری پبلک کا ہوتاہے، رانا شمیم نے جو کہا وہ بیان نوٹرائز کیا، رانا شمیم کا حلف نامہ سچ ہے یا جھوٹ، ہمارا کام نہیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے اس پر رانا شمیم کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کرتے ہوئے تمام فریقین کو کل 10 بجے ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے اٹارنی جنرل خالد جاوید خان سمیت چیف ایڈیٹر میر شکیل الرحمان اور دی نیوز کے ایڈیٹر عامر غوری اور انصار عباسی کو بھی نوٹسز جاری کر دیے۔