اشتہار

آرمینیا، آذربائیجان میں روس نے پھر جنگ بندی کرا دی

اشتہار

حیرت انگیز

ماسکو: سرحدی جھڑپ کے بعد آرمینیا اور آذربائیجان کے درمیان جنگ بندی پر اتفاق ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق روسی میڈیا کا کہنا ہے کہ روس کی ثالثی میں آرمینیا اور آذربائیجان کے درمیان جنگ بندی پر اتفاق ہوگیا ہے۔

یریوان میں آرمینیا کی وزارت دفاع سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ روس کی ثالثی میں جنگ بندی پر اتفاق ہوگیا ہے، آرمینیا کی مشرقی سرحد پر صورت حال اب نسبتاً مستحکم ہے۔

- Advertisement -

یاد رہے کہ آذربائیجان اور آرمینیا کی افواج کے درمیان سرحد پر گزشتہ روز جھڑپیں ہوئی تھیں، مشترکہ سرحد پر نئی جھڑپوں میں 15 آرمینین فوجی ہلاک ہوئے، جب کہ آذری فوج نے 2 فوجی ٹھکانوں پر قبضہ بھی کیا۔

نئی جھڑپیں، آذری فوج کے حملے میں آرمینیا کے 15 فوجی ہلاک

آرمینیا کی وزارت دفاع نے تصدیق کی کہ سرحدی جھڑپوں میں 2 فوجی ٹھکانوں پر آذربائیجان کا قبضہ ہوگیا، پندرہ فوجی ہلاک ہوئے جب کہ 12 فوجیوں کو آذربائیجان نے پکڑ لیا۔

جھڑپ میں نقصان اٹھانے کے بعد آرمینیا نے روس سے آذربائیجان کے خلاف فوجی مدد طلب کی، تاہم روس کی جانب سے اس پر فوری رد عمل سامنے نہیں آیا۔

آذربائیجان کی وزارت دفاع کا کہنا تھا کہ آرمینیائی فوجیوں نے کیلبازار اور لاچین کے اضلاع میں آذربائیجانی ٹھکانوں پر حملہ کیا، جس میں 2 آذربائیجانی فوجی زخمی ہوئے، جس کے جواب میں ہمارے فوجیوں نے دشمن کی پیش قدمی کو روکا اور آرمینیائی فوجیوں کو گھیر کر حراست میں لے لیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس نگورنو کاراباخ کے متنازعہ علاقے کے کنٹرول کے لیے 6 ہفتے تک جاری رہنے والے مسلح تصادم میں 6,500 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے، اور یہ تصادم نومبر میں روس کی ثالثی میں ہونے والی جنگ بندی کے ساتھ ختم ہوا۔

جنگ بندی کے معاہدے کے تحت آرمینیا نے کئی دہائیوں سے اپنے زیر کنٹرول علاقے کو چھوڑ دیا تھا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں