سڈنی: ایشز سیریز سے قبل کینگروز ٹیم کو بڑا دھچکا لگا ہے، جہاں کپتان ٹم پین نے استعفیٰ دے دیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق آسٹریلوی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان ٹم پین نے قیادت چھوڑ دی ہے جبکہ کرکٹ آسٹریلیا نے بھی ٹم پین کا استعفٰی منظور کرلیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ٹم پین پر دوہزار سترہ کی ایشیز سیریز کے دوران کرکٹ تسمانیہ کی سابق ملازمہ کو نازیبا پیغامات بھیجنے کا الزام ہے، خاتون ساتھی کو نازیبا پیغامات بھیجنے پر پین کےخلاف تحقیقات جاری تھیں، خود ٹم پین نے نازیبا پیغامات بھیجنے کا اعتراف کرتے ہوئے استعفٰی دیا لیکن ایشز سیریز کیلئے اپنی دستیابی سے بورڈ کو آگاہ بھی کردیا ہے۔
کینگروز کی ٹیسٹ قیادت چھوڑنے والے ٹم پین نےکہا کہ کپتانی چھوڑنا ان کیلئے ایک ناقابل یقین حد تک مشکل فیصلہ تھا، لیکن یہ فیصلہ ان کے خاندان اور کرکٹ کے لیے صحیح ہے۔
یہ بھی پڑھیں: قومی ٹیم کے کوچ کا ’اردو‘ میں پیغام وائرل
ادھر کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ نئے ٹیسٹ کپتان کی شناخت اور تقرری کا عمل تیز کیا جائے گا۔
دوسری جانب آئی سی سی نے بھی اپنے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے آسٹریلوی کپتان کے مستعفی ہونے کی خبر کو شیئر کیا ہے۔
Tim Paine has announced his resignation as Australian Men's Test captain.
Read more 👉 https://t.co/BFpHQXWJav pic.twitter.com/RzySzb9nbM
— ICC (@ICC) November 19, 2021
واضح رہے کہ 17 نومبر کو انگلینڈ کے خلاف ایشیز سیریز کے پہلے دو ٹیسٹ میچز کے لیے آسٹریلوی اسکواڈ کا اعلان کیا گیا تھا، کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق 15 رکنی ٹیم کی قیادت ٹم پین کریں گے جبکہ پیٹ کمنز نائب کپتان ہوں گے۔
ایشیز کا پہلا ٹیسٹ 8 دسمبر سے برسبین میں اور دوسرا ٹیسٹ 16 دسمبر سے ایڈیلیڈ میں شروع ہوگا۔