پیر, جولائی 7, 2025
اشتہار

’خالہ سو جاؤ‘ ڈاکوؤں نے گھر چھوڑ کر بیکری لوٹ لی

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: شہر قائد کے علاقے ناظم آباد میں تین مسلح ڈاکوؤں نے گھر کو چھوڑ کر بیکری لوٹ لی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے ناظم آباد عباسی شہید اسپتال کے قریب ڈاکوؤں نے بیکری میں لوٹ مار کی جبکہ گھر میں موجود خاتون کو ڈرا دھمکا کر فرار ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ روز صبح 11 بجے کے قریب ملزمان بیکری میں داخل ہوئے اس وقت بیکری کے مالک دو بھائی پہلی منزل پر موجود گھر پر سو رہے تھے۔

بیکری کا ایک دروازہ گھر کی جانب سے نکلتا تھا ملزمان نے بیکری سے لوٹ مار کی اور 50 ہزار نقدی اور کالنگ کارڈ لوٹ لیے اس کے بعد ایک ملزم دروازے سے گھر میں داخل ہوگیا۔

گراؤنڈ فلور پر موجود کمرے میں خاتون سو رہی تھی، ڈاکو نے جاکر خاتون کو تھپڑ مارے اور کہا کہ اٹھو پیسے دو، لائٹ بند ہونے کے سبب خاتون سمجھیں کہ ان کے شوہر ہوں گے لیکن ڈاکو نے اسلحہ تانتے ہوئے کہا کہ پیسے دو۔

خاتون ہڑ بھڑا کر اٹھی اور کہا کہ میرے پاس پیسے نہیں ہیں، ڈاکو نے ڈرایا دھمکایا لیکن خاتون یہی اصرار کرتی رہیں کہ ان کے پاس پیسے موجود نہیں ہیں۔

بعدازاں ڈاکو خاتون کو یہ کہہ کر فرار ہوگیا کہ ’خالہ سو جاؤ‘، مسلح ملزمان دکان سے تقریبا ایک لاکھ روپے کا سامان لوٹ کر باآسانی فرار ہوگئے۔

خاتون کے شوہر نے تھانہ ناظم آباد میں واقعے کا مقدمہ درج کروادیا، پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کرکے ملزمان کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

اہم ترین

نعمان ناصر
نعمان ناصرhttps://arynews.tv/
صحافی و بلاگر، 8 سال سے اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں

مزید خبریں