اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ سعودی عرب سے 3ارب ڈالر کی ٹرانسفر میں تمام قانونی معاملات طے پاگئے، جس کے بعد یہ 3 ارب ڈالر رواں ہفتے پاکستان کو مل جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ 3 اچھی خبریں ہیں ، ایک پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ہڑتال ختم کر دی، دوسری سعودی عرب نے پاکستان سے براہ راست فلائٹس شروع کرنے کا اعلان کردیا۔
فواد چوہدری نے مزید بتایا کہ سعودی عرب کی جانب سے وعدے کے مطابق 3 ارب ڈالر کی ٹرانسفر میں تمام قانونی معاملات طے پاگئے ہیں ، سعودی عرب سے 3 ارب ڈالررواں ہفتے پاکستان کو مل جائیں گے۔
تین اچھی خبریں 1) پٹرولیم ڈیلرز ایسوسیشن ایشن نے ہڑتال ختم کر دی 2) سعودی عرب نے پاکستان سے براہ راست فلائٹس شروع کرنے کا اعلان کر دیا 3) سعودی عرب سے تین ارب ڈالر کی ٹرانسفر میں تمام قانونی معاملات طے ہوگئے اور یہ ڈالر اس ہفتے پاکستان کو مل جائینگے
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) November 25, 2021
یاد رہے سعودی عرب نے پاکستان کو 3 ارب ڈالرز کے سپورٹ فنڈ کا اعلان کیا تھا ، یہ رقم سعودی فنڈ برائے ترقی اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں جمع کرائے گا۔
فواد چوہدری نے بتایا تھا کہ 3 ارب ڈالرز کے علاوہ سعودی عرب ایک سال کے دوران ریفائنڈ پیٹرولیم مصنوعات کی مد میں 1.2 ارب ڈالرز کی فنانسنگ بھی فراہم کرے گا۔
بعد ازاں وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کی مدد کرنے پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا، ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی۔