پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ کومل میر کا کہنا ہے کہ والد نے شوبز انڈسٹری میں جانے سے منع کردیا تھا۔
اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامے ’بے نام‘ میں مرکزی کردار نبھانے والی اداکارہ کومل میر نے پروگرام ’گڈ مارننگ پاکستان‘ میں شرکت کی اور میزبان ندا یاسر کی جانب سے پوچھے گئے شوبز انڈسٹری میں آنے متعلق سوالات کے جوابات دئیے۔
کومل میر نے بتایا کہ جب شوبز انڈسٹری میں آرہی تھی تو والدین پریشان تھے، والد نے تو شوبز میں جانے سے منع ہی کردیا تھا لیکن والدہ نے سپورٹ کیا اور آج بھی وہ میرا ساتھ دیتی ہیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ شروع میں جہاں بھی جاتی تھی تو والدہ ساتھ ہوتی تھیں لیکن اب انہوں نے میرے ساتھ جانا کم کردیا ہے کیونکہ انہیں علم ہے کہ مجھے اب شوبز انڈسٹری سے متعلق سمجھ بوجھ ہوگئی ہے۔
کومل میر نے بتایا کہ جتنے چینلز کے ساتھ کام کررہی ہوں والدہ ان سب سے مل چکی ہیں اور ان کو جانتی ہیں تو اب وہ پرسکون ہوگئی ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے بتایا کہ وہ اکلوتی ہیں اور ان کے تین چھوٹے بھائی ہیں۔
ندا یاسر نے پوچھا کہ آپ رعب جمانے والی بہن ہیں؟ اس کے جواب میں کومل میر نے کہا کہ نہیں ہر وقت ایسا نہیں کرتی لیکن کبھی کبھی چھوٹے بھائیوں کو ڈانٹ دیتی ہوں۔
کومل میر نے بتایا کہ بھائیوں کی جانب سے کوئی خاص فرمائش نہیں کی جاتی انہیں باہر سے جب کچھ کھانے کا دل کررہا ہوتا ہے تو میں وہ انہیں منگوا کر دے دیتی ہوں۔
واضح رہے کہ ڈرامہ سیریل بے نام کی کاسٹ میں کومل میر، انوشے عباسی، وسیم عباس، شازیل شوکت، نادیہ حسین، بابر علی، نور حسن اور غنا علی ودیگر شامل ہیں۔