جمعہ, دسمبر 27, 2024
اشتہار

نادرا سنٹرز میں صارفین کیلیے نئی سہولت

اشتہار

حیرت انگیز

‏ نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے ملک بھر میں اپنے مراکز پر کریڈٹ کارڈ اور ‏ڈیبٹ کارڈ کے ذریعے ادائیگی کے لئے پوائنٹ آف سیلز (پی او ایس) ٹرمینل لگانے کی ذمہ داری ‏حبیب بینک لمیٹڈ (ایچ بی ایل) کو سونپ دی۔

حکومتِ پاکستان اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی ہدایات پر نادرا ملک بھر میں اپنے مراکز پر پی ‏او ایس ٹرمینل لگا رہا ہے۔ چیئرمین نادرا طارق ملک اور ایچ بی ایل کے صدر و سی ای او محمد ‏اورنگزیب نے اس سلسلے میں معاہدے پر دستخط کئے۔ تقریب میں دونوں اداروں کے سینئر ‏عہدیدار بھی موجود تھے۔

اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے چیئرمین نادرا طارق ملک نے کہا کہ نادرا سنٹرز پر پی او ایس ‏ٹرمینلز کی تنصیب سے ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈز کے ذریعے ادائیگی ممکن ہو جائے گی۔ شہریوں ‏کی بہت بڑی تعداد روزانہ نادرا سنٹرز میں فراہم کی جانے والی خدمات سے استفادہ کرتی ہے اور ‏ادائیگی کے ڈیجیٹل نظام کی بدولت اب شہری نہ صرف اپنی تمام رقوم انتہائی آسان طریقے سے ادا ‏کر سکیں گے بلکہ یہ ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کی تکمیل کی جانب بھی ایک اہم قدم ثابت ہو گا۔

- Advertisement -

چیئرمین نادرا نے کہا کہ نادرا سنٹرز پر پی او ایس ٹرمینلز کی تنصیب سے ان مراکز کی کارکردگی ‏میں بہتری آئے گی اور شہریوں کو انتہائی باسہولت اور درست خدمات کی فراہمی ممکن ہو گی۔ ‏

انہوں نے مزید کہا کہ نادرا سنٹرز پر اب پاکستانی روپے کے علاوہ دیگر کئی کرنسیوں میں بھی ‏ادائیگی ممکن ہو جائے گی جس سے خاص طور پر سمندر پار پاکستانیوں کے لئے بے پناہ سہولت ‏پیدا ہو جائے گی کیونکہ ان کے اکاؤنٹس غیرملکی بینکوں میں ہوتے ہیں جن کے کارڈز کے ذریعے ‏ادائیگی اب ان کے لئے انتہائی آسان ہو گی۔

معاہدے کے تحت ایچ بی ایل ملک بھر میں تمام نادرا مراکز پر پی او ایس ٹرمینل لگائے گا۔ ڈیجیٹل ‏پاکستان کے وژن کے تحت بنیادی ڈھانچے کی سہولیات کی بہتری میں یہ منصوبہ انتہائی مفید اور ‏موثر ثابت ہو گا اور اس اشتراک عمل کی بدولت ایچ بی ایل، نادرا کو اپنے سسٹمز کی ‏ڈیجیٹلائزیشن میں معاونت فراہم کرے گا۔ شروع میں یہ سروس 318 نادرا سنٹرز کے 1500 کاؤنٹرز ‏پر فراہم کی جائے گی اور بعد ازاں یہ مزید 412 مراکز پر بھی دستیاب ہو گی۔ منصوبے کی تکمیل ‏سے نادرا سنٹرز میں آنے والے ان شہریوں کے لئے بھرپور آسانی پیدا ہو جائے گی جو اپنے کریڈٹ ‏کارڈ یا ڈیبٹ کارڈ کے ذریعے ادائیگی کرنے کے خواہشمند ہوں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایچ بی ایل کے صدر و سی ای او محمد اورنگزیب نے کہا کہ ایچ بی ‏ایل اور نادرا ایک طویل عرصے سے مل کر کام کر رہے ہیں۔ حال ہی میں ایچ بی ایل نے حکومت ‏پاکستان کے پرائمری بینک کی حیثیت سے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کی ادائیگیوں کے لئے ‏نادرا کی بائیومیٹرک تصدیق کی سہولیات کو اس پروگرام میں ضم کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایچ بی ایل، ‏نادرا اور کنٹرولر جنرل اکاؤنٹس (سی جی اے) کے ساتھ مل کر پنشنرز کی بائیومیٹرک تصدیق کے ‏نظام کو براہِ راست بنیاد پر ضم کرنے کے لئے بھی کام کر رہا ہے۔ ایچ بی ایل کی یہ سرگرمیاں ملک ‏بھر میں ڈیجیٹلائزیشن کے فروغ سے متعلق اس کے سٹریٹجک عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔

نادرا اور ایچ بی ایل شہریوں کی سہولت یقینی بنانے کے متعدد منصوبوں پر مل کر کام کر رہے ‏ہیں۔ نادرا کی جانب سے ایچ بی ایل کو ‘ویریسس’ اور بائیومیٹرک تصدیق کی سہولیات فراہم کی ‏جاتی ہیں جس کی بدولت نہ صرف ایچ بی ایل بلکہ ملک کے تمام دیگر بینک اور مالیاتی ادارے ‏بھی اکاؤنٹ کھولتے وقت اور بینک کے ذریعے لین دین کرتے وقت اپنے صارفین کے کوائف کی ‏تصدیق کر سکتے ہیں۔

دوسری جانب ایچ بی ایل، نادرا رجسٹریشن سنٹرز کے لئے مرکزی کلیکشن ‏بینک کے طور پر خدمات انجام دے رہا ہے اور ملک بھر میں بینک کی مختلف شاخوں میں ان ‏مراکز کے 600 سے زائد اکاؤنٹس کام کر رہے ہیں۔

Comments

اہم ترین

انجم وہاب
انجم وہاب
انجم وہاب اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں اور تجارت، صنعت و حرفت اور دیگر کاروباری خبریں دیتے ہیں

مزید خبریں