بیجنگ: چین میں سینکڑوں شتر مرغ فرار ہوکر سڑکوں پر آگئے جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق دنیا کے سب سے بڑے پرندوں کے غول کو فارم ہاؤس سے فرار ہونے کا مووقع مل گیا جس کے بعد وہ سڑکوں پر دوڑنے لگے۔
شتر مرغوں کی سڑکوں پر مٹر گشت کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ 83 شتر مرغوں نے مارکیٹ کے باہر ہلا بولا ہوا ہے، ان کی ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصرے کیے جارہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پرندوں کے غول کو پولیس اور مقامی انتظامیہ کی مدد سے پکڑ کر واپس فارم ہاؤس منتقل کردیا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کیلیفورنیا میں جانوروں کے ماہرین اس وقت حیران رہ گئے جب ایک سمندری شیر ایک مصروف شاہراہ پر آگیا تھا۔
اس جانور کو ڈرائیوروں نے شہر سان ڈیاگو کے مشرق میں ایک فری وے پر دیکھا تھا جس کے باعث ٹریفک کو کئی منٹوں کے لیے روک دیا گیا تھا کیونکہ ریسکیو اہلکاروں نے سمندری جانور کو محفوظ بنانے میں مدد کی۔
سی ورلڈ سان ڈیاگو ریسکیو ٹیم ہائی وے پر پہنچی اور 200 پاؤنڈ وزنی سمندری شیر کو آگے بڑھنے سے روکنے کے لیے جال کا استعمال کیا۔
ریسکیو کے بعد اس سمندری مخلوق کو صحت کے جائزے اور بحالی کے لیے سی ورلڈ سان ڈیاگو ریسکیو سینٹر لے جایا گیا تھا۔