اسلام آباد: ہائی کورٹ نے وزیر اعظم عمران خان کی بہ طور رکن قومی اسمبلی نااہلیت کے لیے دائر درخواست جرمانے کے ساتھ خارج کر دی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے وزیر اعظم کی نااہلی کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے تحریری حکمنامہ جاری کر دیا۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار ذاتی طور پر پیش ہوا، تاہم پیش کی گئی درخواست پر غور کے لیے کوئی جائز بنیاد نہیں اٹھائی گئی، استدعا سے واضح ہے کہ عرضی گزار غلط انکوائری کا مطالبہ کر رہا ہے۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس میں کہا کہ قانونی چارہ جوئی اور عدالتی فورمز کو غیر ضروری سیاسی مواد سے پاک کرنے کی ضرورت ہے، اس لیے یہ عدالت اس پٹیشن کوفضول قرار دیتی ہے۔
عدالت نے فضول درخواست دائر کرنے پر عرض گزار کے خلاف 10 ہزار جرمانہ بھی عائد کر دیا، عدالتی حکم میں کہا گیا کہ درخواست گزار جرمانہ 3 دن کے اندر ادا کرے۔
حکم نامے کے مطابق جرمانے کی رقم عدالت کے ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل کے پاس جمع کرائی جائے گی، اور یہ رقم مجاز اتھارٹی فنڈ میں منتقل کی جائے گی۔