کراچی: شہر قائد میں کرونا کے بڑھتے کیسز پر سندھ حکومت نے پی ایس ایل سیزن 7 میں تماشائیوں کی تعداد کم کرنے کی تجویز دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت سندھ کرونا ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا، جس میں کراچی میں کرونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر آئندہ 20 سے 30 روز کے لئے کسی بھی قسم کے اجتماعات کی اجازت نہ دینے کی تجویز سامنے آئی۔
اجلاس میں تجویز دی گئی کہ کراچی میں شروع ہونے والے پی ایس ایل سیزن 7 کے لئے تماشائیوں کی تعداد کو بھی محدود کیا جائے، سندھ حکومت این سی او سی کے آئندہ اجلاس میں اپنی تجویز پیش کرے گی، این سی او سی سندھ حکومت کی تجویز پر فیصلہ کرے گی۔
این سی او سی نے پی ایس ایل میں 100 فیصد تماشائیوں کا اعلان کررکھا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کرونا کے بڑھتے وار، سندھ حکومت کا اسکولوں سے متعلق اہم اعلان
دوسری جانب سندھ حکومت نے ویکسی نیشن مہم کو صوبے میں تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کرونا کیسز میں اضا فہ احتیاطی تدابیر نہ اپنانے کا نتیجہ ہے، عوام تعاون کریں گے تو جاری کرونا لہر پر بھی کنٹرول ہوجائے گا۔