وفاقی دارالحکومت اسلام آباد مین کورونا کیسز بڑھنے پر مزید 9 تعلیمی اداروں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں کورونا کیسز سامنےآنے کا سلسلہ برقرار ہے اور نئے کیسز رپورٹ ہونے پر 9 مزید تعلیمی اداروں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ گزشتہ روز بھی 8 تعلیمی ادارے بند کئے گئے تھے جس کے بعد مجموعی تعداد 17 ہو گئی ہے۔
اس حوالے سے ڈی ایچ او اسلام آباد ڈاکٹر زعیم ضیا نے ڈپٹی کمشنر کے نام مراسلہ لکھ کر آگاہ کیا ہے کہ ماڈل اسکول فارگرلز ماڈل ٹاؤن ہمک، ماڈل اسکول فار گرلز جی سکس ٹو، ماڈل کالج فار گرلز آئی ٹین فور، ماڈل اسکول فارگرلز ایف سکس ون میں کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
ڈی ایچ او اسلام آباد کا کہنا ہے کہ وفاقی انتظامیہ متاثرہ تعلیمی ادارے تاحکم ثانی بند کرے اور انتظامیہ متاثرہ تعلیمی اداروں میں کونٹیکٹ ٹریسنگ کے ساتھ ساتھ ٹیسٹنگ کرے۔ وفاقی انتظامیہ پازیٹیو طلبا،طالبات کےقریبی افرادکے ٹیسٹ کرائے۔
دو روز قبل بھی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اسلام آباد نے ڈپٹی کمشنر کو خط لکھ کر آگاہ کیا تھا کہ 2کالجوں میں کورونا کے 6 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد انہیں بند کر دیا گیا ہے۔