کراچی: پیپلزپارٹی کی رکن سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی کی درخواست پر ایف آئی اے سائبر کرائم کی ٹیم نے اداکارہ و میزبان نادیہ خان کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق شرمیلا فاروقی کی درخواست کے بعد ایف آئی اے سائبر کرائم نے نادیہ خان کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا، نادیہ خان نے شرمیلا کی والدہ انیسہ فاروقی سے ان کے میک اپ اور کپڑوں سے متعلق سوالات کیے تھے جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی تھی۔
ایف آئی اے سائبر کرائم میں شکایت کے بعد شرمیلا کا کہنا تھا کہ نادیہ خان نے والدہ کے میک اپ کا مذاق بنایا، ان کی نجی زندگی میں مداخلت کی۔
شرمیلا فاروقی نے مزید کہا کہ والدہ کی اجازت کے بغیر ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی پھر انہوں نے ڈھٹائی دکھائی اور کہا کہ کچھ غلط نہیں کیا، نادیہ خان کے خلاف ہر فورم پر قانونی چارہ جوئی کروں گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز شرمیلا فاروقی نے نادیہ خان کی جانب سے ان کی والدہ سے میک اپ سے متعلق سوال کرنے پر سائبر کرائم میں شکایت درج کروانے کا اعلان کیا تھا۔
View this post on Instagram
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں نادیہ خان شرمیلا کی والدہ انیسہ فاروقی سے سوال کرتی ہیں کہ آپ کا اتنا حسین میک اپ کون کرتا ہے؟
انیسہ فاروقی نے بتایا کہ میک اپ وہ خود کرتی ہیں، بچپن سے ہی جیولری پہننے اور ڈریسنگ کا شوق تھا لیکن میک اپ کرنا انہوں نے شرمیلا سے سیکھا ہے۔
نادیہ خان نے مزید کہا کہ ‘ہاں وہ بھی تو اتنا اچھا میک اپ کرتی ہیں’۔
وائرل ویڈیو پر شرمیلا فاروقی نے بھی کمنٹ کیا اور کہا تھا کہ نادیہ خان بے شرم خاتون ہیں اور میں ان کے خلاف سائبر کرائم میں شکایت درج کراؤں گی۔