اشتہار

امارات میں ڈرون اڑانے پر مشروط پابندی

اشتہار

حیرت انگیز

ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات نے بغیر لائسنس ڈرون اڑانے پر 22 جنوری سے ایک ماہ تک کے لیے پابندی عائد کر دی ہے۔ پابندی کا مقصد لوگوں کی جان اور املاک کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔

بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق اماراتی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام اقسام کے ڈرونز اور مختلف انواع کے ہلکے اسپورٹس طیارے اڑانے کے شوقین افراد کے لیے لازمی ہے کہ وہ مقررہ اتھارٹی سے لائسنس حاصل کریں۔

وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ سول ایوی ایشن کے قوانین کے تحت امارات میں فضائی اسپورٹس کی سرگرمیوں پر 22 جنوری 2022 سے ایک ماہ تک پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

- Advertisement -

ایسے افراد جو ڈرونز، گلائڈنگ اور ونڈ سرفنگ کھیل کے شوقین ہیں اور اپنا شوق جاری رکھنا چاہتے ہیں، انہیں اس کے لیے باقاعدہ اجازت نامہ حاصل کرنا ہوگا۔

وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ ڈرونز اور ہلکے جہازوں سے متعلق بعض خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئی ہیں، ڈرونز کو ممنوعہ مقامات پر استعمال نہیں کیا جا سکتا، پابندی عائد کرنے کا مقصد لوگوں کی جان اور املاک کی حفاظت و سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔

ایسے ادارے جو تجارتی اشتہارات یا دیگر مقاصد کے لیے ڈرونز استعمال کرتے ہیں ان کے لیے لازمی ہے کہ وہ متعلقہ سرکاری ادارے سے رجوع کر کے باقاعدہ لائسنس حاصل کریں۔

وزارت داخلہ کا مزید کہنا ہے کہ وہ افراد جو ڈرون اڑانے کے شوقین ہیں، وہ مقررہ پابندی پر عمل کریں، لائسنس حاصل کیے بغیر ڈرون اڑانا خلاف قانون عمل شمار کیا جائے گا اور خلاف ورزی پر انہیں قانونی مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں