ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے پاکستان سپر لیگ سیزن 7 میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے خوشدل شاہ کی عمدہ پرفارمنس کی وجہ شادی کو قرار دے دیا۔
خوشدل شاہ نے سخت حریف اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف میچ میں 4 وکٹیں لے کر عمران طاہر کو پیچھے چھوڑ دیا۔ خوشدل شاہ 9 وکٹیں لے کر عمران طاہر سے آگے نکل گئے ہیں۔
آل راؤنڈ پرفارمنس پر ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مزاحیہ انداز میں کہا کہ شادی کے بعد خوشدل شاہ کی کارکردگی اچھی ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شادی کرنا خوشدل کے لیے خوش قسمتی کا باعث لگتا ہے اس کے لیے سب کچھ ٹھیک چل رہا ہے، وہ بیٹنگ، فیلڈنگ اور اب بولنگ میں بھی پرفارم کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ نئے سال کے آغاز پر قومی کرکٹ ٹیم کےمڈل آرڈر بلےباز خوشدل شاہ شادی کے بندھن میں بندھے تھے۔ شادی کی تقریب میں محمد رضوان، وسیم جونیئر، افتخار احمد اور صاحبزادہ فرحان اور کئی فرسٹ کلاس کرکٹرز نے شرکت کی۔
بنوں میں قومی کھلاڑیوں کا عوام نے والہانہ استقبال کیا اور اسٹارز کے ساتھ یادگاری تصاویر بنائیں۔