کراچی: ریلی پر تشدد کے معاملے پر ایم کیو ایم پاکستان کا سندھ حکومت کی رپورٹ پر ردعمل آگیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ریلی پر تشدد سے متعلق سندھ حکومت کی رپورٹ کو ایم کیو ایم پاکستان نے رپورٹ کو انصاف کے تقاضوں کو منافی قرار دے دیا۔
ایم کیو ایم کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کی رپورٹ میں ذمہ داران کیخلاف ایکشن نہیں لیا گیا، شیلنگ اور لاٹھی چارج کا حکم دینے والوں کو کچھ نہیں کہا گیا، پولیس کے خلاف ایکشن لے کر معاملہ دبانے کی کوشش کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ ہاؤس سے براہ راست تشدد کے احکامات دیے گئے، مراد علی شاہ، سندھ حکومت براہ راست تشدد میں ملوث ہے۔
مزید پڑھیں: ایم کیو ایم ریلی پر تشدد: پولیس افسر کیخلاف احکامات جاری
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایک انسان کی جان گئی، درجنوں خواتین زخمی ہوئیں، ارکان پارلیمنٹ کی تضحیک کی گئی، واقعے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں انصاف چاہیے اس کے لیے عدالتوں سے رجوع کیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ایم کیو ایم کی ریلی پر پولیس تشدد کی انکوائری رپورٹ منظر عام پر آئی تھی جس کے بعد وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ایس ایس پی ساؤتھ زبیر شیخ کو فوری ہٹانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے ان کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کی ہدایت کی تھی۔
وزیراعلیٰ سندھ نےڈی آئی جی ساؤتھ شرجیل کھرل سے وضاحت طلب کرلی ہے۔