کراچی میں بلدیہ کے علاقے میں حب ریور روڈ پر دو ڈمپروں نے گاڑی کو کچل دیا جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں بلدیہ کے علاقے میں حب ریور روڈ پر ڈمپر نے گاڑی کو کچل دیا جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔
حادثہ مواچھ موڑ کےقریب پیش آیا جہاں بلوچستان سے کراچی آنے والی گاڑی دو ڈمپروں کے درمیان آگئی، حادثے میں گاڑی مکمل دب گئی اور اس میں سوار تینوں افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جب کہ ڈمپر ڈرائیور فرار ہوگئے۔
عینی شاہدین کے مطابق پیچھے سے آنے والے ڈمپر نے آگے جانے والی گاڑی کو ٹکرماری جس کے نتیجے میں گاڑی آگے جانے والے ڈمپر سے ٹکرائی اور دونوں ڈمپروں کے درمیان آکر کچومر بن گئی۔
پولیس اور امدادی اداروں کے تاخیر سے پہنچنے کے باعث مقامی افراد نے گاڑی کی باڈی کاٹ کر کئی گھنٹوں کی کوششوں کے بعد اپنی مدد آپ کے تحت لاشیں نکالیں اور انہیں سول اسپتال منتقل کیا۔
اسپتال میں جاں بحق افراد کی شناخت بلال احمد، محمدعلی اور حبیب اللہ کےنام سےہوئی، متوفیان کا تعلق بلوچستان کےعلاقےچمن،ضلع قلعہ عبداللہ سےتھا۔
حادثے کے بعد دونوں ڈمپر ڈرائیور موقع سے فرار ہوگئے جب کہ پولیس نے ڈمپروں کو تحویل میں لے لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے میں گاڑی ڈرائیوروں کی بھی غفلت ہوسکتی ہے تاہم اصل صورتحال ڈمپر ڈرائیوروں کی گرفتاری کے بعد واضح ہوگی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی کراچی میں دندناتے ڈمپر کئی لوگوں کی جان لے چکے ہیں۔
مزید پڑھیں: کراچی میں ڈمپر نے سڑک پار کرتے شہری کو کچل دیا
گزشتہ دسمبر میں نیپا چورنگی پر ڈمپر نے راہ چلتے راہگیر کو کچل دیا تھا۔
اس سے قبل گلشن اقبال میں تیز رفتار ڈمپر نے نوجوان کو روند ڈالا تھا جب کہ ڈی ایچ اے میں ڈمپر نے ایک ہی گھر کے 3 چراغ گل کردیے تھے۔