جمعہ, دسمبر 27, 2024
اشتہار

مراد سعید نے وزارتوں کی کارکردگی میں پہلا نمبر آنے کی وجہ بتادی

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے وفاقی وزارتوں میں بہترین کارکردگی کی بدولت پہلا نمبر آنے کی وجہ بتا دی ہے۔

اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا کہ قوم نے وزیراعظم عمران خان اور وزیراعظم نے ہم پر اعتماد کیا، نئے پاکستان کی تکمیل کے لیے جو ذمہ داری دی گئی اسے ایمانداری سے نبھایا، اپنی طرف سے جتنی محنت کر سکتے تھے وہ کی ہے۔

مراد سعید نے کہا کہ پہلا یا دوسرا نمبر معنی نہیں رکھتا، میرے لیے کاز کی اہمیت ہے، اللہ کا شکر ہے 3 سال میں طے کیے تمام اہداف حاصل کر لیے، خاص طور پر موجودہ اور سابقہ ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، وزیر منصوبہ بندی اسدعمر، وزیر خزانہ شوکت ترین نے ساتھ دیا، ان کا شکر گزار ہوں۔

- Advertisement -

وفاقی وزیر نے بتایا کہ این ایچ اے کی آمدن میں 108 ارب روپے کا اضافہ کیا گیا، یہ اضافہ پچھلی حکومت کے 3 سال سے 128 فیصد زائد ہے، ادارے میں شفافیت کے لیے تاریخی اقدامات کیے۔

مزید پڑھیں: وفاقی وزیرمواصلات مراد سعید کارکردگی میں سب پربازی لے گئے

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اپنے دور میں یہ وزارت اپنے پاس رکھتے تھے، نواز دور میں 4 رویہ سڑک پر فی کلو میٹر خرچ 41 کروڑ روپیہ آتا تھا، ہمارے دور میں وہی 4 رویہ سڑک 17 کروڑ روپے میں بن رہی ہے، فی کلو میٹر سڑک پر قوم کے 24 کروڑ روپے بچا رہے ہیں، ہمارے پہلے موٹروے پر کام 10 کروڑ فی کلو میٹربچت کے ساتھ ہو رہا ہے۔

مراد سعید نے کہا کہ سابق دور حکومت کے پہلے 3 سال میں 987 کلو میٹر سڑکیں بنیں، موجودہ دور کے 3 سال میں 2032 کلو میٹر سڑکیں تعمیر ہو چکی، تمام شاہراہوں کی جی آئی ایس میپنگ کاعمل مکمل کر لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پوسٹ کا خسارہ 13 سال کے بعد ختم ہو چکا ہے، ادارے کی بین الاقوامی رینکنگ 94 سے 62 پر آچکی ہے، ایف اے ٹی ایف کی 13 آبزرویشن کی کمپلائنس کرچکے ہیں۔

مزید پڑھیں: وزارت مواصلات کی عمدہ کارکردگی، وزیراعظم کا مراد سعید کو خراج تحسین

مراد سعید نے مزید کہا کہ وزیراعظم کا پرفارمنس ایوارڈ دینے کا فیصلہ زبردست تھا، پہلی بار وزارتوں میں سزا اور جزا کا نظام قائم ہوا، وزارت کے ملازمین کو ریوارڈ ملنے سے حوصلہ افزائی ہوگی، اصل کام تو وزارت کے افسران اور ملازمین کا ہے، وزیراعظم اور متعلقہ وزیر تو صرف بہتری کا ویژن دےسکتا ہے، اداروں کو خسارے سے نکالنا وزیراعظم کا ویژن تھا، حکومت کے باقی وقت اور آئندہ 5 سے 10 سال کیلئے سمت طے کردی، ہم رہیں یا نہ رہیں ادارے بہتری کی طرف جائیں گے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں