ملتان: وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے لیے اپوزیشن کے پاس ووٹوں کی کمی کے باعث پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان نے صبر کی تلقین کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملتان میں اتوار کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ فضل الرحمان نے کہا کہ ووٹ پورے ہونے تک ہم جلد بازی نہیں کریں گے۔
ان کا کہنا تھا جب تک ووٹ پورے نہیں ہوتے جلد بازی نہیں کرنی، تحریک عدم اعتماد سے متعلق جرگہ تشکیل دے رہے ہیں، جو پی ڈی ایم کی جماعتوں پر مشتمل ہوگا، حکومت کی حلیف جماعتوں سے کہا جائے گا کہ بس بہت ہو گیا قوم پر رحم کریں۔
فضل الرحمان نے کہا ابتدائی طور پر ہمارے رابطوں کے مثبت نتائج ملے ہیں، لیکن جب تک ووٹ پورے نہیں ہوتے جلد بازی نہیں کریں گے، ہم جلد ہی ووٹ پورے کر لیں گے، اگر عدم اعتماد پر ووٹ کم ہوئے تو پرانے تجربات سے فائدہ اٹھائیں گے۔
مہنگائی اور بجلی کی قیمت میں اضافے کے حوالے سے، وزرا کارکردگی ایوارڈز سے متعلق انھوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا ملک میں طرح طرح کے گھپلے ہو رہے ہیں اور پھر تمغے بھی دیے جا رہے ہیں، عمران خان کہتے ہیں ریاست مدینہ بنا رہا ہوں، پھر مذہبی امور کو تمغہ ملنا چاہیے تھا محروم نہیں کیا جاتا، شاہ محمود قریشی کو کیوں محروم رکھا گیا؟ معاشی طور پر ترقی اگر ہے تو وزیر خزانہ کو کیوں محروم رکھا گیا؟
انھوں نے کہا ہمیں جمہوری طریقے کے ساتھ تبدیلی کی بات کرنی چاہیے، ووٹ کے ذریعے چوری کر کے ایک حکومت کو ہم قبول نہیں کر رہے، ہم سسٹم کو دفن کرنے کی اجازت کیسے دے سکتے ہیں۔
فضل الرحمان نے بھارت میں حجاب کے لیے احتجاج کرنے والی مسلمان لڑکی مسکان کے حوالے سے قوم سے اپیل کی کہ آئندہ جمعے کو ملک بھر میں یوم حجاب منایا جائے۔