اے این ایف انٹیلیجنس اور اے این ایف پورٹ کنٹرول یونٹ نے کراچی انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کی بھاری مقدار میں ممنوعہ کیمیکل ضبط کرلیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق اے این ایف انٹیلیجنس اور اے این ایف پورٹ کنٹرول یونٹ نے کراچی انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 1086 لیٹر کیٹامائن قبضے میں لے لیا۔
کیٹامائن نامی یہ ممنوعہ کیمیائی مواد کاسمیٹکس پر مشتمل سامان اور 2172 عرق گلاب کی بوتلوں میں پیک کیا گیا تھا۔
ترجمان اے این ایف ہیڈکوارٹر کے مطابق مذکورہ کنٹینر کراچی کی ایک کمپنی کی جانب سے دبئی کے لیے بک کرایا گیا تھا اور اس ممنوعہ کیمیائی مواد کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت 34 ارب روپے سے زائد ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ ممنوعہ مواد کی اسمگلنگ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ اے این ایف اس سے قبل بھی کئی کامیاب کارروائیاں کرکے منشیات کی اسمگلنگ ناکام بناچکا ہے۔
مزید پڑھیں: کراچی میں اے این ایف کی کارروائی، ہزاروں کلو منشیات برآمد
چند روز قبل ہی اے این ایف نے کارروائی کرتے ہوئے ہزاروں کلو منشیات برآمد کی تھی۔
اس کارروائی کے دوران نہ صرف بھاری مقدار میں منشیات ضبط کی گئی تھی بلکہ تین ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا تھا۔