اتوار, نومبر 17, 2024
اشتہار

عدالت کی نیب کو پرویز مشرف کے خلاف انکوائری ایک ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: ہائی کورٹ نے نیب کو پرویز مشرف کے خلاف انکوائری ایک ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے چیئرمین نیب کے خلاف توہین عدالت کا کیس نمٹا دیا۔

تفصیلات کے مطابق سابق آرمی چیف اور سابق صدر پاکستان جنرل (ر) پرویز مشرف کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر چیئرمین نیب کے خلاف توہین عدالت کا کیس اسلام آباد ہائی کورٹ نے نیب کی جانب سے مطمئن کرنے پر نمٹا دیا۔

عدالت نے نیب کو پرویز مشرف کے خلاف انکوائری ایک ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس نمٹایا، درخواست گزار نے نیب انکوائری مکمل ہونے تک سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی تھی، تاہم عدالت نے درخواست گزار کی جانب سے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا مسترد کر دی۔

- Advertisement -

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ نیب کی ذمہ داری ہے کہ یہ تاثر زائل کرے کہ صرف منتخب نمائندوں کا احتساب ہوتا ہے، پرویز مشرف آرمڈ فورسز سے نہیں، پبلک آفس ہولڈر تھے، پرویز مشرف کا کیس نیب کے لیے ایک ٹیسٹ کیس ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے پرویز مشرف کے اثاثوں کی انکوائری کے حوالے سے چئیرمین نیب کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی، چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ نیب کی انکوائریاں اتنے سال کیوں زیر التوا رہتی ہیں؟ کیا بیرون ملک سے ایم ایل اے کا جواب آنے میں تین تین سال لگتے ہیں؟

نیب پراسیکیوٹر نے کہا کئی بار تو بیرون ملک سے ہمیں جواب دیا ہی نہیں جاتا، چیف جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار پرویز مشرف کے خلاف کب تک انکوائری مکمل ہو سکتی ہے؟ جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا ایک ماہ میں رپورٹ پیش کر دیں گے۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا ہم نیب کی تفتیش میں مداخلت نہیں کریں گے، ہم کہہ دیتے ہیں ایک ماہ میں تفتیش مکمل کریں اور کیا کریں؟

قبل ازیں نیب نے عدالت کو پرویز مشرف کی صحت کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ مشرف کو ہارٹ فیلیئر، گردے کی دائمی بیماری ہے، ضرورت سے زیادہ غنودگی، ریڑھ کی ہڈی کی چوٹ اور فریکچر ہے۔

نیب نے جواب میں یہ بھی کہا کہ نیب انکوائری کا عمل سختی سے قانون کے مطابق چل رہا ہے، قانون کے مطابق اسے حتمی شکل دی جائے گی، کرنل (ر) انعام الرحیم غلط فہمی میں ہے مبتلا ہے، پرویز مشرف کے اکاؤنٹس اور جائیدادوں پر بھی کارروائی جاری ہے۔

Comments

اہم ترین

مزید خبریں