بدھ, فروری 12, 2025
اشتہار

عجیب واقعہ، سرکاری مال خانے میں منشیات پتھر اور مٹی بن گئیں

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: شہر قائد کے ماڈل کورٹ کے مال خانے میں جمع کرائی گئی کیس پراپرٹی پتھروں اور مٹی میں تبدیل ہو گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن شرقی ماڈل کورٹ کے مال خانے میں جمع کرائی گئی 38 کلو گرام افیون پتھروں میں، اور 22 کلو چرس مٹی میں تبدیل ہو گئی ہے۔

یہ انکشاف ملزم خالد کے خلاف کیس کی سماعت کے دوران ہوا، عدالت نے مال خانہ انچارج سٹی کورٹ شرقی پولیس کانسٹیبل عجب خان کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔

عدالت نے مال خانہ انچارج سے استفسار کیا کہ کیوں نہ آپ کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے، کیوں نہ آپ کے خلاف ایڈیشنل آئی جی کراچی کو مِس کنڈکٹ کی کارروائی کا حکم دیا جائے، مال خانہ انچارج کی مجرمانہ غفلت کی وجہ سے ملزم کو فائدہ پہنچے گا، بطور سرکاری ملازم آپ نے رشوت وصول کی ہے۔

عدالت نے کہا کیس کے تفتیشی افسر آصف علی نے کیس پراپرٹی مال خانے میں جمع کرائی تھی، کیس پراپرٹی میں 38 کلو افیون اور 22 کلو چرسں شامل تھی، عدالت نے 11 فروری کو کیس پراپرٹی پیش کرنے کا حکم دیا تھا، لیکن کیس پراپرٹی جب عدالت میں کھولی گئی تو ایک بیگ میں منشیات کی جگہ پتھر اور دوسرے میں مٹی پائی گئی۔

پولیس نے عدالت کو بتایا کہ ملزم خالد کو 4 فروری 2021 موسمیات پی سی ایس آر سی لیبارٹری کے قریب سے گرفتار کیا گیا تھا، ملزم کا ایک ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا، ملزمان کی تلاشی لی گئی تو ایک بیگ میں 38 کلو افیون اور دوسرے بیگ سے 22 کلو چرس برآمد ہوئی تھی، ملزم خالد نے بتایا کہ 22 کلو چرس فرار ہونے والے ملزم عبد الحق کی تھی۔

اہم ترین

فاروق سمیع
فاروق سمیع
تحقیقاتی صحافت پریقین رکھنے والے فاروق سمیع اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں، دہشت گردی، سیاست اورعدالتوں سے منسلک خبروں پر کڑی نظر رکھتے ہیں۔

مزید خبریں