لاہور : پولیس نے شہری سے موٹرسائیکل چھین کر فرار ہونے والے ڈاکو کو مبینہ مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، دوسرا ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے غازی آباد میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلہ ہوا ہے پولیس نے مبینہ مقابلہ کے بعد ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔
اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دو ڈاکو شہری سے موٹر سائیکل چھین کر فرارہورہے تھے، شہری نے فوری طور پر ون فائیو سے رابطہ کیا جس کے بعد پٹرولنگ پولیس نے ڈاکوؤں کا تعاقب کیا۔
ذرائع کے مطابق پولیس موبائل کو دیکھ کر ڈاکوؤں نے ریلوے لائن کے قریب اپنی موٹرسائیکل چھوڑی اور اہلکاروں پر فائرنگ کردی، پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ڈاکو زخمی ہوا جسے گرفتار کرلیا گیا۔
ایس پی کینٹ نے میڈیا کو بتایا کہ زخمی ڈاکو افضل عرف ماجھا ڈکیتی کے متعدد مقدمات میں پولیس کو مطلوب ہے ، ملزم سے چھینی گئی موٹرسائیکل اور اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے جبکہ دوسرا ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔