لاہور: پاکستان سپر لیگ سیزن سیون کا میلہ اختتام پزیر ہوا تاہم گذشتہ سال کی طرح اس سال بھی شاہنواز ڈاہانی کی منفرد جشن نے شائقین کرکٹ کے دلوں میں گھر کرلیا۔
صوبہ سندھ کے ضلع لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے فاسٹ بولر شاہنواز ڈاہانی میدان میں شائقین کرکٹ کے توجہ کا محور رہتے ہیں،وہ وکٹ لینے کے بعد پورے میدان میں بھاگتے اور باؤنڈری کے پاس جا کر اپنا جشن مکمل کرتے ہیں۔
رواں سیزن میں شائقین کرکٹ نے انٹرنیشنل امپائر علیم ڈار کی جانب سے شاہنواز ڈاہانی کو روکنے کا منظر دیکھا تھا، جس پر سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے کئے گئے تھے۔
"Ijazat hai?" 😁#HBLPSL7 l #LevelHai l #MSvLQ I #HBLPSLFinal pic.twitter.com/ryURyCZFuN
— PakistanSuperLeague (@thePSLt20) February 27, 2022
گذشتہ روز پی ایس ایل کے فائنل میں ملتان سلطانز کے خلاف نصف سنچری جڑنے والے محمد حفیظ کو شاہنواز ڈاہانی نے آؤٹ کیا تو اس بار انہوں نے باؤنڈری کی جانب بھاگنے کی بجائے وہ سیدھا امپائر علیم ڈار کے پاس پہنچ گئے اور ان سے جشن منانے کی اجازت طلب کی۔
علیم ڈار بھی شاید ڈاہانی کے مزاج کو سمجھ چکے تھے اس لئے انہوں نے فوری طور پر انہیں اشارے کے ساتھ جشن منانے کی اجازت دی، اس موقع پر کمنٹری باکس میں بیٹھے چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ بھی اپنی ہنسی نہیں روک پائے، اس چند سیکنڈ کے ویڈیو کلپ نے سوشل میڈیا شائقین کے دل جیت لئے ہیں۔
اس سے قبل میچ کے آغاز پر لاہور قلندرز کے ان فارم بیٹر فخر زمان کا باؤنڈری پر شاندار کیچ تھام کر شاہنواز ڈاہانی نے شائقین سے خوب داد سمیٹی تھی، ڈاہانی کے اس ناقابل یقین کیچ پر خود فخر زمان بھی دنگ رہ گئے تھے۔