کراچی : تخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف بلاول ہاؤس کراچی کے قریب دھرنے پر بیٹھے اساتذہ کو پولیس نے پہلے پانی سے نہلایا اور پھرلاٹھی چارج کیا، ایم کیو ایم کے ارکان اسمبلی نے واقعہ کی مذمت کی ہے۔
کراچی سمیت سندھ بھرسے آئے اساتذہ گزشتہ کئی روز سے کراچی کےعلاقے بوٹ بیسن پر دھرنا دیئے ببیٹھے تھے، سندھ حکومت کے رویئے سے تنگ آکر اساتذہ نے بلاول چورنگی پر اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کیا تو پولیس ٹیچرز پر ٹوٹ پڑی اور بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔
پولیس نےمظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے پانی کی توپ سے پانی پھینکا اور لاٹھی چارج کیا جبکہ تیس اساتذہ کو گرفتار کرکے مقدمہ قائم کر دیا۔
پولیس کی کارروائی کے بعد مظاہرین واپس بوٹ بیسن کی طرف لوٹے تو وہاں پربھی پولیس کی بھاری نفری موجود تھی، پولیس نے مظاہرین کی جانب سے بوٹ بیس پرلگایا گیا کیمپ بھی اکھاڑ پھینکا۔
ایم کیو ایم کے اراکین سندھ اسمبلی نےاستاذہ پر تشدد اور توہین آمیز رویہ کو ناانصافی قرار دیتے ہوئے واقعہ کی شدید مذمت کی۔