پنجاب: سیلابی ریلا پنجاب کے جنوبی علاقوں میں تباہی مچاتا ہوا ملتان کے نواحی علاقوں تک پہنچ گیا ہے، جس کے باعث متعدد دیہات زیرآب، فیش فارم اور کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں ہیں۔
سیلابی ریلوں نے پنجاب میں تباہی مچادی ہے، جنوبی پنجاب کے شہر جھنگ میں ہیڈ تریموں کے مقام سے نکلنے والے سیلابی ریلے نے ستانوے کلومیٹردور تحصیل احمد پور سیال کے نواحی علاقوں کی کئی بستیاں اجاڑدی جبکہ کھڑی فصلیں تباہ کردی ہے دوسری جانب سیلابی ریلے سے دس یہات ڈوب گئے ہیں۔
سیلابی ریلے سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے دیہات میں رشید پور،درگاہ شاہ، اورجمبو وانہ شامل ہیں، اِسوقت چھ لاکھ کیوسک کا سیلابی ریلہ احمد پور سیال سے گزررہا ہے جبکہ جھنگ میں ہیڈ تریموں کے مقام پرسیلابی ریلےمیں بتدریج کمی آرہی ہیں۔
دریائے چناب کا منہ زور سیلابی ریلا ملتان کے نواحی علاقوں میں داخل ہوگیا ہے، جس کے باعث بستی منڈ سندیلہ،گھرے والا سمیت دیگر دیہات ڈوب گئے ہیں۔
ملتان اور مظفر گڑھ سے ہوتا ہوا ہیڈ پنجند سے گزرنے والا یہ سات لاکھ کیوسک کاسیلابی ریلا ہفتہ کے روز کوٹ مٹھن کے مقام پر دریائے سندھ میں گرے گا ، دریائے چناب کے سیلابی ریلے سے کشمور ، سکھر اور گڈو بیراج سے ملحق علاقوں میں بڑے پیمانے پر تباہی کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔