اسلام آباد : وزارت خزانہ نے آئی ایم ایف سے مذاکرات پر قیاس آرائیوں سے گریز کی ہدایت کردی اور کہا حکومت ستمبر میں آئی ایم ایف پروگرام مکمل کرنے کیلئے پُرعزم ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزارت خزانہ نے آئی ایم ایف توسیع فنڈ جائزے پر قیاس آرائیوں سے گریز کی ہدایت کرتے ہوئے اعلامیہ جاری کردیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 7 ویں جائزے کے تحت مذاکرات منصوبہ بندی کےمطابق جاری ہیں، فریقین کی ورچوئل میٹنگز، ڈیٹا شیئرنگ کی تکنیکی سطح پر جاری ہے۔
وزارت خزانہ نے کہا کہ جائزے کا محور اہداف، اعلان کردہ ریلیف، صنعتی فروغ کے پیکجز پر مرکوزہے، اس بات پراتفاق ہے دسمبر کے آخرتک طے شدہ اہداف حاصل کرلیے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق ریلیف پیکج پرتفصیلات ،فنانسنگ آپشنزکوآئی ایم ایف سے شیئر کیا گیا، آئی ایم ایف نےچنددنوں میں صنعتی پیکج پرمزیدبات چیت کاعندیہ دیا ہے ، حالیہ بات چیت کے بعد مذکورہ پیکیج پر مفاہمت کی توقع ہے۔
وزارت خزانہ کا کہنا تھا کہ 7ویں جائزے کیلئے میمورنڈم اکنامک اور فنانشل پالیسیز کا متن زیر بحث آئے گا، حکومت کو یقین ہے اپریل کےآخرمیں آئی ایم ایف بورڈکااجلاس ہو گا، حکومت ستمبر میں آئی ایم ایف پروگرام مکمل کرنےکیلئےپرعزم ہے۔