ایپل کے مقابل ایک نئی کمپنی نتھنگ نے اپنے پہلے اسمارٹ فون سے متعلق اعلان کر دیا ہے۔
ون پلس جیسے کامیاب اسمارٹ فون برانڈ کے شریک بانی کارل پائی نے اپنی ایک نئی کمپنی نتھنگ کی بنیاد رکھی، یہ کمپنی اب ایپل کو حقیقی ٹکر دینے جا رہی ہے۔
ایک ایونٹ میں کارل پائی نے یہاں تک دعویٰ کیا کہ نتھنگ کا مقصد ‘ایپل کا سب سے زبردست متبادل’ بننا ہے، اور ایسی مصنوعات لانی ہیں جو بغیر کسی رکاوٹ تسلسل کے ساتھ روانی سے چلتی ہوں۔
یہ کمپنی درحقیقت اسمارٹ فون مارکیٹ میں قدم رکھنے کی تیاری کر رہی ہے، نتھنگ فون 1 آئندہ چند ماہ میں پیش کیا جا رہا ہے، جس میں نتھنگ او ایس اور اینڈرائیڈ پر مبنی کسٹم یوزر انٹرفیس ہوگا۔
کارل پائی نے کہا کہ نتھنگ فون 1 اس وقت اسمارٹ فون کی سوئی ہوئی انڈسٹری کے لیے تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوگا، جو اپنی طرز کے منفرد ڈیزائن سے لیس ہوگا۔ کمپنی کی جانب سے فون کی تفصیلات تو نہیں بتائی گئیں مگر یہ واضح عندیہ دیا گیا کہ وہ پراسیسر کے لیے کوالکوم اور سام سنگ سے شراکت داری کر سکتی ہے، اسی طرح سونی اور ویژنکس بھی پرزے فراہم کرنے والی اہم کمپنیاں ہوں گی۔
کارل پائی نے تصدیق کی کہ فون کے بارے میں مزید تفصیلات موسم گرما میں شیئر کی جائیں گی جو کہ فون کے متعارف ہونے کی ممکنہ تاریخ بھی ہے۔
کمپنی نے فون کے ساتھ 3 آپریٹنگ سسٹم اپ ڈیٹس اور 4 سال تک اینڈرائیڈ سیکیورٹی اپ ڈیٹس فراہم کرنے کا بھی وعدہ کیا، کمپنی کی جانب سے ایک عجیب ڈیزائن بھی شیئر کیا گیا ہے جو ممکنہ طور پر نتھنگ فون 1 کا بیک ڈیزائن ہوگا۔ نتھنگ او ایس لانچر اپریل سے مخصوص اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز میں استعمال اور ڈاؤن لوڈ کیا جاسکے گا۔
کمپنی کے مطابق نتھنگ او ایس زیادہ ہموار اور تیز رفتار تجربہ فراہم کر سکے گا۔