اسلام آباد: متحدہ اپوزیشن کی پارلیمانی کمیٹی میں کتنے ارکان حاضر ہوئے؟ اے آر وائی نیوز نے پتہ لگالیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس پیر کی شام 4 بجے تک ملتوی کردیا گیا ہے، جس پر متحدہ اپوزیشن کو شدید دھچکا لگا۔
قومی اسمبلی اجلاس سے قبل متحدہ اپوزیشن کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تاہم ضروری امر یہ تھا کہ متحدہ اپوزیشن کی پارلیمانی کمیٹی کے اہم ترین اجلاس میں اپوزیشن کے نمبرز گیم کتنے ہیں؟ جس کا پتہ اے آر وائی نیوز نے لگالیا ہے، اجلاس میں اپوزیشن کے 162 میں سے159اجلاس میں شریک ہوئے، تین ارکان غیر حاضر رہے۔
غیر حاضر رہنے والوں میں پیپلز پارٹی کے جام عبدالکریم، پی ٹی ایم کے علی وزیر جبکہ جماعت اسلامی کے عبدالاکبر چترالی شامل تھے۔
علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ
ادھر اپوزیشن نے پی ٹی ایم کے رکن قومی اسمبلی علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور جیل میں قید رکن قومی اسمبلی کے پروڈکشن آرڈر کیلئے درخواست جمع کرادی ہے۔
درخواست نوید قمر اور ن لیگ کے دیگر رہنماؤں نے جمع کرائی۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی کا اجلاس وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر کارروائی کے بغیر پیر تک ملتوی کیا جاچکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: قومی اسمبلی کا اجلاس تحریک عدم اعتماد پر کارروائی کے بغیر پیر تک ملتوی
اسپیکر قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی کے ایم این اے خیال زمان ، سابق صدر رفیق تارڑ ، پشاور دھماکے کے شہداء سمیت دیگر وفات پانے والوں کیلئے فاتحہ خوانی کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس پیر کی شام 4بجے تک ملتوی کردیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا تھا کہ یہ اسمبلی کی روایت ہے کہ معزز رکن کے انتقال کے احترام میں فاتحہ خوانہ کے بعد ایجنڈا مؤخر کرکے اجلاس ملتوی کردیا جاتا ہے۔